گورنر مہدی شاہ کا قومی اتحاد، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ پر علما و مشائخ کو کردار ادا کرنے پر زور

گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے پاکستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے نیشنل پیغام امن کمیٹی، صوبائی پیغام امن کمیٹی اور ریجنل پیغام امن کمیٹی کے اراکین علما و مشائخ نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔

گلگت۔ 01 ستمبر (اے پی پی):گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے پاکستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے نیشنل پیغام امن کمیٹی، صوبائی پیغام امن کمیٹی اور ریجنل پیغام امن کمیٹی کے اراکین علما و مشائخ نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں امن و امان کی اہمیت، بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور ملک و بالخصوص گلگت بلتستان میں امن کے قیام کے لیے علما و مشائخ کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے معزز مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پائیدار امن، اتحاد، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ میں علما و مشائخ کا کردار انتہائی اہم ہے۔

ملاقات کے دوران معرکہ حق اور بنیان مرصوص میں پاک آرمی کی کامیابیوں اور ملک کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ عوام کی جانب سے جذبہ حب الوطنی کے ساتھ پاک فوج سے بھرپور تعاون کو بھی سراہا گیا۔ اس موقع پر عالمی سطح پر قیام امن کے لیے پاکستان کے مثبت سفارتی کردار اور حالیہ سفارتی کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

شرکائے ملاقات نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ دشمن عناصر سی پیک اور دیگر قومی اہمیت کے ترقیاتی منصوبوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے سازشوں میں مصروف ہیں۔ فرقہ وارانہ فسادات، شاہراہوں کو غیر محفوظ بنانے اور معاشرے میں بے یقینی پیدا کرنے کی کوششوں کا مقابلہ قومی اتحاد، بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔ اس سلسلے میں علما و مشائخ کو اپنا مؤثر اور مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

علما و مشائخ نے گلگت بلتستان کے عوام کی پاکستان سے والہانہ محبت اور وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک ملک کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ گلگت بلتستان دنیا کا منفرد خطہ ہے جہاں عوام پاکستان سے الگ ہونے کے بجائے آئین پاکستان کے تحت ملک کا آئینی حصہ بننے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے ان جذبات اور قربانیوں کی قدر کرتے ہوئے ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جن سے خطے کا اتحاد، امن اور استحکام مزید مضبوط ہو۔گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ نظریاتی بنیادوں پر کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی دیرینہ خواہشات اور امنگوں کے مطابق علاقے کو آئینی طور پر مملکت پاکستان کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ پاکستان ہے تو یہاں کے تمام مسالک، مذہبی آزادی، امن اور ترقی کے مواقع بھی موجود ہیں۔ پاکستان کی مضبوطی اور استحکام ہی گلگت بلتستان سمیت پورے ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے علما و مشائخ پر زور دیا کہ وہ قومی اتحاد، بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔