میکسیکو کی صدر کلائوڈیا شین بام نے ملک کی خودمختاری، وقار اور آزادی کے دفاع کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تمام ممالک کے ساتھ تعاون، مذاکرات اور مفاہمت چاہتے ہیں لیکن تعاون کا مطلب جھکنا اور دوستی کا مطلب اپنے اصولوں سے دستبردار ہونا نہیں ۔
ملک کی خودمختاری، وقار اور آزادی کا ثابت قدمی سے دفاع کرتی رہوں گی ، صدر میکسیکو

مزید خبریں
میکسیکو سٹی۔2ستمبر (اے پی پی):میکسیکو کی صدر کلائوڈیا شین بام نے ملک کی خودمختاری، وقار اور آزادی کے دفاع کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تمام ممالک کے ساتھ تعاون، مذاکرات اور مفاہمت چاہتے ہیں لیکن تعاون کا مطلب جھکنا اور دوستی کا مطلب اپنے اصولوں سے دستبردار ہونا نہیں ۔
شنہوا کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز نیشنل پیلس میں اپنی حکومت کی دوسری سٹیٹ آف دی یونین تقریر کے دوران کہاکہ جب تک مجھے میکسیکو کی صدر کی حیثیت سے خدمت کرنے کا اعزاز حاصل ہے میں اپنے ملک کی خودمختاری، وقار اور آزادی کا ثابت قدمی سے دفاع کرتی رہوں گی۔ انہوں نے میکسیکو اور امریکا کے تعلقات میں موجود مشکلات خصوصاً امریکا میں تارکینِ وطن کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کا اعتراف کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے امیگریشن حراستی مراکز میں 17 میکسیکن شہری ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ امریکا بھر میں امیگریشن کارروائیوں کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میکسیکو کی حکومت نے اس معاملے پر شکایات درج کرائی ہیں اور تارکینِ وطن کے حقوق کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکا کی جانب سے بڑے پیمانے پر ملک بدری کے ردعمل میں میکسیکو کی صدر نے کہا کہ ان کی حکومت نے Mexico Embraces You نامی پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت اب تک 281,000 سے زائد ملک بدر یا واپس بھیجے گئے میکسیکن شہریوں کی مدد کی جا چکی ہے، انہیں گرم کھانا، آبائی علاقوں تک نقل و حمل، طبی اور نفسیاتی نگہداشت اور شناختی دستاویزات فراہم کی گئی ہیں۔
امریکا کے ساتھ تجارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور معاہدوں تک پہنچنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی معاملات پر ہم امریکی حکومت کے ساتھ مسلسل مذاکرات میں مصروف ہیں اور امید ہے کہ ہم کسی مفاہمت تک پہنچ جائیں گے۔ سکیورٹی کے معاملات پر میکسیکو کی صدرنے کہا کہ ان کے ملک نے امریکا کے ساتھ ایسے معاہدے کیے ہیں جو خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام، ماتحتی کے بغیر تعاون ،مشترکہ مگر مختلف ذمہ داری، باہمی احترام اور اعتماد کے اصولوں پر مبنی ہیں۔








