پاکستان اورکرغزستان کے درمیان تعلیم، صحت ، تجارت،ماحولیاتی تبدیلی،سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے معاہدوں، مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

پاکستان اورکرغزستان نے تعلیم، صحت ، تجارت،ماحولیاتی تبدیلی،سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کےلئے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کردیئے۔

بشکیک۔2ستمبر (اے پی پی):پاکستان اورکرغزستان نے تعلیم، صحت ، تجارت،ماحولیاتی تبدیلی،سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کےلئے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کردیئے۔

اس حوالہ سے دستاویزات کے تبادلوں کی تقریب بدھ کویہاں کرغزستان کے صدارتی محل میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پروزیر اعظم محمد شہباز شریف اورجمہوریہ کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف بھی موجود تھے۔جمہوریہ کرغز ستان کے صدر صادرژاپاروف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط اور دستاویز کا تبادلہ کیا۔جن معاہدوں اورایم او یوزکا تبادلہ کیا گیا ان میں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) اور جمہوریہ کرغزستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹجک انیشی ایٹو کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کی دستاویز، پاکستان کی وزارت خارجہ اور کرغز ستان کی وزارت خارجہ کے درمیان 27 ۔ 2026 کے لیے تعاون کا پروگرام ، پاکستان کی حکومت اور کرغزستان کے کابینہ وزرا کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ بارے معاہدہ،

کرغزستان اور پاکستان کی حکومت کے درمیان حوالگی کا معاہدہ،حکومت پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سائنس اور تکنیکی تعاون کا معاہدہ ، پاکستان اور کرغزستان کے درمیان فوجداری معاملات میں باہمی قانونی معاونت کے معاہدے کا مسودہ ، کرغزستان کی وزارت داخلہ اور پاکستان کی وزارت داخلہ و انسداد منشیات کے درمیان منشیات ، نشہ آور اشیاء اور پریکرسر کیمیکلز وغیرہ کی سمگلنگ کی روک تھام میں تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت ، کرغزستان کی وزارت صحت اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے درمیان طبی تعلیم کےلئے تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت ، کرغزستان کی وزارت تعلیم اور پاکستان کی وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے درمیان تعلیم کے شعبہ میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت ، کرغزستان کی وزارت قدرتی وسائل، ماحولیات اور تکنیکی نگرانی اور پاکستان کی وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کاری کے درمیان ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت ،این ڈی یو پاکستان اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹجک انیشی ایٹوز کرغزستان کے درمیان اکیڈمک ریسرچ اور معاون سرگرمیوں کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت ،

کرغزستان کے صدر کےزیر انتظام قومی ایجنسی برائے ورچوئل ایسٹس اور بلاک چین ٹیکنالوجیزاور پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے درمیان ورچوئل اثاثوں کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت ، لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات کے قیام کا معاہدہ، اوجے ایس سی کرغز پوسٹ اور پاکستان پوسٹ کے درمیان پوسٹل سروسز اور ای کامرس کے شعبے میں باہمی تعاون سے متعلق دوطرفہ معاہدہ اور کرغزستان کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان تعاون کے معاہدے کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔پاکستان کی طرف سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار،وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان ،وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ،وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی جبکہ کرغزستان کی طرف سے متعلقہ وزرا نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔