نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی کرغز وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بدھ کو بشکیک میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف سے ملاقات سے قبل کرغز وزیر خارجہ ژین بیک کلوبایف سے ملاقات کی۔

بشکیک۔2ستمبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بدھ کو بشکیک میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف سے ملاقات سے قبل کرغز وزیر خارجہ ژین بیک کلوبایف سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم نے کرغزستان کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کی کامیاب قیادت، ایس سی او سربراہی اجلاس کی مؤثر میزبانی اور چھٹی عالمی نومیڈ گیمزخانہ کی افتتاحی تقریب کے کامیاب انعقاد پر وزیر خارجہ کلوبایف کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ایس سی او کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں کرغزستان کی قیادت کو سراہا۔ نائب وزیر اعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، رابطہ، علاقائی سلامتی اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ کرغزستان کے وزیر خارجہ کلوبایف نے پاکستان کو 27 ۔ 2026 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان تنظیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں مؤثر قیادت فراہم کرے گا۔

انہوں نے کرغزستان کے پاکستان کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے آمادگی کا اظہار کیا۔ دونوں جانب سے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے ایس سی او اور دیگر کثیرالجہتی فورمز میں قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ نائب وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی تھیں۔