ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کا بین سٹوکس کے ساتھ تاریخی معاہدہ، بگ بیش لیگ کے سب سے مہنگے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے
ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کا بین سٹوکس کے ساتھ تاریخی معاہدہ، بگ بیش لیگ کے سب سے مہنگے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے

مزید خبریں
ایڈیلیڈ ۔2ستمبر (اے پی پی):انگلینڈ کے سابق کپتان اور سٹار آل راؤنڈر بین سٹوکس نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل)کے آئندہ سیزن کے لیے ایڈیلیڈ سٹرائیکرز سے معاہدہ کرلیا۔ بی بی سی کے مطابق بین سٹوکس کا ایک سالہ معاہدہ تقریباً 5لاکھ آسٹریلوی ڈالر کا بتایا جا رہا ہے، جو بگ بیش لیگ کی تاریخ میں کسی کھلاڑی کو دی جانے والی سب سے بڑی رقم بن سکتی ہے۔بین سٹوکس مکمل 2026-27 سیزن کے لیے دستیاب ہوں گے اور نئے معاہداتی نظام کے تحت بگ بیش لیگ سے براہ راست معاہدہ کرنے والے پہلے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
نئے نظام کے تحت کلبوں کو کھلاڑیوں پر رقم خرچ کرنے میں زیادہ آزادی حاصل ہے۔بین سٹوکس نے کہا کہ وہ ایڈیلیڈ سٹرائیکرز میں شمولیت پر بہت پرجوش ہیں، آسٹریلیا میں کھیلنا ہمیشہ پسند کیا ہے اور ایڈیلیڈ اوول میں کھیلنے کا موقع خاص ہوگا۔ ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے کوچ اور آسٹریلیا کے سابق کپتان ٹم پین نے بین سٹوکس کو کرکٹ کی دنیا کے عظیم ترین آل راؤنڈرز میں سے ایک اور میچ کا پانسہ پلٹنے والا کھلاڑی قرار دیا۔بین سٹوکس کا بگ بیش لیگ میں یہ دوسرا سیزن ہوگا۔ اس سے قبل وہ 15 ۔ 2014 میں میلبورن رینیگیڈز کی جانب سے 4 میچز کھیل چکے ہیں۔
ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی جانب سے ان کا پہلا میچ 16 دسمبر کو کینبرا میں سڈنی تھنڈر کے خلاف ہوگا، جبکہ ایڈیلیڈ اوول میں ان کا پہلا میچ 23 دسمبر کو سڈنی تھنڈر کے خلاف ہی ہوگا۔34 سالہ بین سٹوکس نے 2024 کی ہنڈرڈ کے بعد کوئی ٹی ٹونٹی میچ نہیں کھیلا۔ وہ 2025 میں ایس اے 20 لیگ میں ایم آئی کیپ ٹاؤن کی نمائندگی کرنے والے تھے، تاہم انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے تھے۔
ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بین سٹوکس کے 2 سنچریاں آئی پی ایل میں بنی ہیں، جبکہ ان کی نمایاں ترین کارکردگی 2022 کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں سامنے آئی، جہاں انہوں نے فائنل میچ میں ناقابل شکست 52 رنز بنا کر انگلینڈ کو عالمی اعزاز دلایا تھا۔بگ بیش لیگ کا 2026-27 سیزن 12 دسمبر سے شروع ہوگا، جبکہ باقاعدہ مرحلہ 17 جنوری کو ختم ہوگا اور پلے آف مقابلے 19 سے 26 جنوری تک کھیلے جائیں گے۔







