اقلیتوں سے متعلق پارلیمانی کاکس کا اجلاس ، اقلیتوں کی بھرتیوں، منتقلی اور تاریخی مذہبی مقامات کی بحالی سے متعلق اہم امور پر غور

اقلیتوں سے متعلق پارلیمانی کاکس کا اجلاس سینیٹر دنیش کمار کی کنوینئر شپ میں منعقد ہواجس میں اقلیتوں کے حقوق، اسلام آباد پولیس میں اقلیتی کوٹے کے تحت بھرتیوں، غیر رسمی آبادیوں اور وفاقی دارالحکومت میں تاریخی عبادت گاہوں کی بحالی سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):اقلیتوں سے متعلق پارلیمانی کاکس کا اجلاس سینیٹر دنیش کمار کی کنوینئر شپ میں منعقد ہواجس میں اقلیتوں کے حقوق، اسلام آباد پولیس میں اقلیتی کوٹے کے تحت بھرتیوں، غیر رسمی آبادیوں اور وفاقی دارالحکومت میں تاریخی عبادت گاہوں کی بحالی سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں آئی جی اسلام آباد پولیس کی عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نے پولیس ڈیپارٹمنٹ کو حتمی وارننگ دی۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کمیٹی نے اسلام آباد پولیس میں اس وقت جاری 1,588 آسامیوں کی بھرتی کے عمل کا بھی جائزہ لیا تاکہ اقلیتوں کے لئے مختص 5 فیصد کوٹے پر مکمل عملدرآمد اور سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق گزشتہ برسوں کی کیری فارورڈ بیک لاگ آسامیوں کو بھی شامل کرنے کو یقینی بنایا جا سکے۔

شہری ترقی کے امور کا جائزہ لیتے ہوئے کمیٹی نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے حکام کی جانب سے اسلام آباد میں 10 تسلیم شدہ اور متعدد غیر تسلیم شدہ کچی آبادیوں کے حوالے سے دی گئی بریفنگ کا جائزہ لیا اور مزید غیر قانونی توسیع کی روک تھام کے لئے سخت نگرانی کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے بے گھر ہونے والے رہائشیوں کو معاوضے کی ادائیگی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

کمیٹی نے ماضی میں دوہری ادائیگی کی بے ضابطگیوں سے متعلق اندرونی انکوائری کا حکم دیا اور سیدپور گاؤں میں 16ویں صدی کے رام مندر، گوردوارہ اور دھرم شالہ سمیت محفوظ اور غیر فعال تاریخی مقامات کو فوری بحالی، دوبارہ استعمال اور اراضی کی منصفانہ ازسرنو تشخیص کے لئے متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی ) کے حوالے کرنے پر بھی غور کیا۔غیر رسمی آبادیوں کے معاملے پر رکن قومی اسمبلی نوید عامر نے نشاندہی کی کہ تقریباً ایک لاکھ اقلیتی ووٹرز کچی آبادیوں میں رہائش پذیر ہیں۔

انہوں نے وزارتِ مذہبی امور اور حکومت پر زور دیا کہ وہ ہمدردانہ پالیسی وضع کریں جس کے تحت ان افراد کو مالی نقصان یا ذہنی و جذباتی اذیت پہنچائے بغیر پُرامن مقامات پر مناسب متبادل رہائش فراہم کی جائے۔ کمیٹی نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو مزید غیر قانونی توسیع کے خلاف سخت نگرانی برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور قرار دیا کہ مذہبی جذبات کو مجروح ہونے سے بچانے کے لئے مناسب متبادل طریقہ کار وضع کئے بغیر کسی بھی غیر قانونی مذہبی ڈھانچے کو منہدم نہ کیا جائے۔ مزید برآں کمیٹی نے متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی ) کی جانب سے فعال کردار ادا کرنے کو سراہا اور فیصلہ کیا کہ عوام کیلئے کھولنے سے قبل کمیٹی سیدپور گاؤں کا موقع پر دورہ کرے گی اور 16ویں صدی کے مندر، گوردوارہ اور دھرم شالہ کا معائنہ کرے گی۔

آخر میں کمیٹی نے سی ڈی اے حکام کو راول جھیل کے قریب واقع دھرم شالہ سے متعلق جامع رپورٹس پیش کرنے اور اقلیتوں کے قبرستانوں کے لئے مختص اراضی کے حوالے سے آئندہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ارکانِ قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی، نوید عامر، نیلم اور وزیر مملکت کیسو مل کھیل داس کے علاوہ ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس، سی ڈی اے کے سینئر حکام، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

 

مزید خبریں