پی ڈی ایم اےکا صوبہ بھر میں مزید مون سون بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری

پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر میں مزید مون سون بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 3سے 5 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، قصور اور اوکاڑہ میں بارش کا امکان ہے جبکہ 4 سے 5 ستمبر کے دوران فیصل …

لاہور۔2ستمبر (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر میں مزید مون سون بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 3سے 5 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، قصور اور اوکاڑہ میں بارش کا امکان ہے جبکہ 4 سے 5 ستمبر کے دوران فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کی توقع ہے۔ ترجمان کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور تمام ضروری انتظامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش اختیار نہ کریں کیونکہ مون سون سیزن کے دوران کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے کے باعث زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ ڈی جی سیف انور جپہ نے کہا کہ آندھی اور طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ شہری آسمانی بجلی سے بچا وکے لیے محفوظ مقامات پر رہیں اور بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کریں۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام الناس سے اپیل کی کہ مون سون بارشوں کے دوران ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔