جرمنی کے معروف دفاعی کھلاڑی انتونیو رودیگر نے 33 سال کی عمر میں بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
جرمنی کے ڈیفینڈر انتونیو رودیگر کا بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

مزید خبریں
برلن۔3ستمبر (اے پی پی):جرمنی کے معروف دفاعی کھلاڑی انتونیو رودیگر نے 33 سال کی عمر میں بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
اے ایف پی کے مطابق انتونیو رودیگر نے 2026 کے عالمی کپ میں جرمنی کی جانب سے آخری میچ کھیلنے کے تقریباً 2 ماہ بعد قومی ٹیم سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔ انتونیو رودیگر نے جرمنی کی جانب سے 86 میچز کھیلے۔ انہوں نے کہا کہ کافی غور و فکر کے بعد اب قومی ٹیم کے کیریئر کو ختم کرنے اور نوجوان نسل کے لیے راستہ بنانے کا وقت آگیا ہے۔ انتونیو رودیگر نے 2014 میں جرمنی کی قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا، تاہم اسی سال عالمی کپ جیتنے والی جرمن ٹیم کے سکواڈ میں انہیں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اب وہ اپنی توجہ کلب فٹبال پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔برلن میں پیدا ہونے والے انتونیو رودیگر نے بوروسیا ڈورٹمنڈ اور شٹٹ گارٹ کی یوتھ اکیڈمی سے فٹبال کیریئر شروع کیا، بعد ازاں روما اور پھر 2017 میں چیلسی کا حصہ بنے، جہاں انہوں نے 2021 میں چیمپئنز لیگ جیتی۔ 2022 میں ریال میڈرڈ منتقل ہونے کے بعد انہوں نے 2024 میں چیمپئنز لیگ اور لالیگا کا اعزاز حاصل کیا۔انتونیو رودیگر کا قومی ٹیم میں دور جرمنی کے لیے مشکل دہائی کے ساتھ رہا۔
جرمنی 2018 اور 2022 کے عالمی کپ میں گروپ مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکا، جبکہ 2026 کے عالمی کپ میں پیراگوئے کے ہاتھوں ٹاپ 32 رائونڈ پر شکست کے ساتھ اس کا سفر ختم ہوا، جو انتونیو رودیگر کا قومی ٹیم کے لیے آخری میچ بھی تھا۔انتونیو رودیگر نے کہا کہ اگرچہ حالیہ ٹورنامنٹس میں بڑی کامیابی ان کی ٹیم کے حصے میں نہیں آئی اور انہیں کئی تکلیف دہ شکستوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم قومی ٹیم کے ساتھ گزارا وقت ان کی زندگی کا انتہائی خاص باب تھا جو ہمیشہ ان کی شخصیت پر اثر انداز رہے گا۔








