وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ گڈانی میں شپ بریکنگ انڈسٹری کو جدید اور ماحول دوست شپ ری سائیکلنگ مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے 12 ارب روپے کے منصوبے پر عملی کام شروع ہو گیا ہے۔
گڈانی کو جدید اور ماحول دوست شپ ری سائیکلنگ مرکز بنائیں گے،وفاقی وزیر برائے بحری امور

مزید خبریں
اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ گڈانی میں شپ بریکنگ انڈسٹری کو جدید اور ماحول دوست شپ ری سائیکلنگ مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے 12 ارب روپے کے منصوبے پر عملی کام شروع ہو گیا ہے۔
انہوں نے یہ بات گڈانی شپ بریکنگ اینڈ ری سائیکلنگ انڈسٹری کی جدید کاری، اپ گریڈیشن اور متعلقہ سہولیات کی ترقی سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت 30 بستروں پر مشتمل ہسپتال، سکول، مزدور کالونی اور سولر انرجی سہولیات کی تعمیر شروع ہو چکی ہے۔وفاقی وزیر برائے بحری امور نے کہا کہ گڈانی ملکی بحری معیشت اور سٹیل سکریپ مارکیٹ میں اہم کردار ادا کرتا ہے، تاہم روایتی شپ بریکنگ طریقوں کو محفوظ، جدید اور ماحول دوست شپ ری سائیکلنگ نظام میں تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے میں طبی عملے کے لیے رہائش، مزدور کالونی، پبلک پارک اور تقریباً 32 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر بھی شامل ہے جبکہ صنعتی اور خطرناک فضلے کے ذخیرہ اور تلفی کے لیے سہولیات، فائر اینڈ ریسکیو سروسز اور پانی کی فراہمی و ٹریٹمنٹ کا نظام بھی قائم کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید کاری کے عمل میں مزدوروں کی صحت، حفاظت اور فلاح کو مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔ گڈانی کو ذمہ دار شپ ری سائیکلنگ کا ایسا ماڈل بنانا ہے جہاں معاشی سرگرمی، مزدوروں کے تحفظ اور ماحولیاتی پائیداری ساتھ ساتھ آگے بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ گڈانی کی اپ گریڈیشن سے سرکلر اکانومی کو بھی فروغ ملے گا کیونکہ ناکارہ بحری جہازوں سے سٹیل اور دیگر مواد کا بہتر استعمال ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شپ ری سائیکلنگ صرف بحری شعبے کی سرگرمی نہیں بلکہ اس کا براہِ راست تعلق سٹیل سکریپ کی معیشت، روزگار اور صنعتی سپلائی چین سے ہے۔ حکومت نے مالی سال27۔2026 کے وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منصوبے کے لیے 78 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔وزیر نے کہا کہ جدید کاری پروگرام کا مقصد گڈانی میں شپ ری سائیکلنگ کے طریقہ کار کو ہانگ کانگ انٹرنیشنل کنونشن فار دی سیف اینڈ انوائرنمنٹلی ساؤنڈ ری سائیکلنگ آف شپس کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ کنونشن نے محفوظ اور ماحول دوست شپ ری سائیکلنگ کے لیے عالمی معیار مقرر کیا ہے اس لیے گڈانی میں خطرناک مواد کے انتظام، مزدوروں کے تحفظ اور ماحولیاتی سلامتی سمیت تمام شعبوں میں بین الاقوامی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو منصوبے پر کام کی رفتار برقرار رکھنے اور نئی تعمیر ہونے والی تمام سہولیات میں مطلوبہ حفاظتی، ماحولیاتی اور آپریشنل معیارات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔








