پنجاب میں نویں جماعت کے نتائج، نجی تعلیمی اداروں کی نمایاں کارکردگی، تعلیمی معیار مزید بہتر بنانے پر زور
پنجاب میں نویں جماعت کے نتائج، نجی تعلیمی اداروں کی نمایاں کارکردگی، تعلیمی معیار مزید بہتر بنانے پر زور

مزید خبریں
راولپنڈی ۔3ستمبر (اے پی پی):آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن (اے پی پی ایس سی اے) نے پنجاب میں نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نتائج سے تعلیمی شعبے میں بہتری کے ساتھ ساتھ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے درمیان مثبت مسابقت اور طلبہ کی تعلیمی استعداد مزید بڑھانے کے مواقع سامنے آئے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے مطابق پنجاب کے تمام 9 تعلیمی بورڈز نے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج 2 ستمبر کو جاری کئے۔ نتائج میں مختلف تعلیمی اداروں کی کارکردگی سامنے آئی ہے جبکہ نجی اور الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے طلبہ نے متعدد بورڈز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اے پی پی ایس سی اے کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے کہا کہ راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے نتائج میں نجی الحاق شدہ اداروں کے طلبہ کی کامیابی کا تناسب 60.41 فیصد رہا جبکہ سرکاری اداروں کے طلبہ کا کامیابی کا تناسب 30.82 فیصد رہا۔ اسی طرح گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ میں نجی اور غیر سرکاری اداروں کے طلبہ کا کامیابی کا تناسب 69.71 فیصد جبکہ سرکاری اداروں کا 39.59 فیصد رہا۔انہوں نے کہا کہ نتائج نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے معیاری تعلیم، اساتذہ کی محنت اور جدید تدریسی طریقوں کے فروغ کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نتائج کو کسی ایک شعبے کی کامیابی یا کمزوری کے بجائے تعلیمی نظام میں مزید بہتری کے لئے رہنمائی کا ذریعہ بنایا جائے۔
ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے محدود وسائل کے باوجود لاکھوں بچوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کر رہے ہیں اور ملکی تعلیمی نظام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے تعلیمی معیار بہتر بنانے کے اقدامات قابل قدر ہیں تاہم نجی شعبے کے تجربات اور خدمات کو بھی تعلیمی پالیسی سازی میں شامل کرکے مزید بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اے پی پی ایس سی اے تعلیمی معیار کی بہتری، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید تدریسی طریقوں کے فروغ اور طلبہ کی تعلیمی استعداد میں اضافے کے لئے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گی۔
ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد اشرف ہراج، نائب صدر جاوید اقبال، پنجاب کے سرپرست اعلیٰ قاضی ظہور الحق، مرکزی مجلس عاملہ کے رکن انتخاب حسین، ملک دین محمد اعوان، اسرار شاہ بخاری، پنجاب کے جنرل سیکرٹری ساجد الیاس چوہدری، راولپنڈی ڈویژن کے صدر عرفان مظفر کیانی، راولپنڈی ضلع کے صدر عبدالحفیظ ملک، چکوال کے صدر صفدر ملک، ماہر تعلیم و اٹک کے ضلعی صدر طاہر خان درانی سمیت پنجاب بھر سے ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران نے بھی نویں جماعت کے نتائج کو طلبہ، والدین اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ قرار دیا۔
ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے حکومت، اساتذہ، والدین اور نجی تعلیمی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔ انہوں نے کم شرح کامیابی والے علاقوں اور اداروں کی نشاندہی کرکے وہاں خصوصی تعلیمی بہتری کے پروگرام شروع کرنے کی تجویز دی۔انہوں نے کامیاب طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امتحانات میں مطلوبہ کامیابی حاصل نہ کرنے والے طلبہ کو بھی مایوس ہونے کے بجائے مزید محنت اور بہتر رہنمائی کے ذریعے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے مواقع فراہم کئے جانے چاہئیں۔
اے پی پی ایس سی اے کے رہنماؤں نے کہا کہ نویں جماعت کے نتائج کو تعلیمی نظام کی مجموعی بہتری کے لئے ایک اہم موقع سمجھتے ہوئے سرکاری و نجی شعبوں کی اچھی کارکردگی کو ایک دوسرے کے لئے مثال بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعلیمی پالیسی سازی میں نجی تعلیمی اداروں کو مناسب نمائندگی دی جائے تاکہ ان کے تجربات اور خدمات سے ملک میں تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے کے لئے مؤثر طور پر استفادہ کیا جا سکے۔








