’’گراس روٹ لیول ہاکی ڈویلپمنٹ انیشیٹو‘‘ کے تحت مانسہرہ میں پروقار تقریب کا انعقاد
’’گراس روٹ لیول ہاکی ڈویلپمنٹ انیشیٹو‘‘ کے تحت مانسہرہ میں پروقار تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی ہدایات پر ’’گراس روٹ لیول ہاکی ڈویلپمنٹ انیشیٹو‘‘ کے تحت مانسہرہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع مانسہرہ تا کاغان تک کے 24 سے زائد سرکاری سکولوں کی انڈر 15 ٹیموں میں ہاکی کا سامان اور مکمل کٹ بیگز تقسیم کیے گئے۔
یہ اقدام پاکستان ہاکی فیڈریشن، خیبر پختونخوا سپورٹس بورڈ، محکمہ تعلیم اور کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن کے مشترکہ تعاون سے مانسہرہ کے مختلف سکولوں میں انڈر 15 سکول ہاکی ٹیموں کے قیام اور ان کی مضبوطی کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس خیبر پختونخوا ذکاء اللہ خٹک تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال خٹک نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
تقریب میں پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی ممبر اولمپیئن نعیم اختر، چیف کوچ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس کے پی کے شفقت اللہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر، پرنسپل جی ایچ ایچ ایس نمبر 01 مانسہرہ، مختلف سکولوں کے پرنسپلز، اولمپیئنز، پی ایچ ایف اور صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے نمائندگان سمیت کھیل سے محبت کرنے والوں، کوچز اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر حکام نے بتایا کہ جنوری 2027ء میں ’’انڈر 15 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔
اس منصوبے کے اگلے مراحل میں ایبٹ آباد سمیت کے پی کے کے دیگر اضلاع، فیصل آباد، جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان تک کٹس کی تقسیم اور پروگرام کو وسعت دی جائے گی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد سکول کی سطح سے ہی بچوں کو ہاکی کی جانب راغب کرنا، باقاعدہ تربیت فراہم کرنا اور گراس روٹ لیول سے نیا ٹیلنٹ تلاش کر کے قومی ٹیم کے لیے ایک مضبوط نرسری تیار کرنا ہے۔ کھلاڑیوں، سکول انتظامیہ اور سپورٹس حکام نے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور حکومت کے اس کاوش کی بھرپور سراہنا کی اور اسے قومی کھیل کی بحالی کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا۔








