وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے گلف پٹرولیم ایکسپلوریشن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد الساعتی اور گلف پٹرولیم ایکسپلوریشن کے مصلح العتیبی کی ملاقات

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے گلف پٹرولیم ایکسپلوریشن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد الساعتی اور گلف پٹرولیم ایکسپلوریشن کے مصلح العتیبی کی ملاقات

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے گلف پٹرولیم ایکسپلوریشن پاکستان (جی پی ایکس پی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد الساعتی اور گلف پٹرولیم ایکسپلوریشن کے مصلح العتیبی نے ملاقات کی جس میں کمپنی کی جاری سرگرمیوں اور پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور مزید وسعت کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق اس موقع پر کویتی کمپنی گلف پٹرولیم ایکسپلوریشن پاکستان (جی پی ایکس پی) نے اپنی سرمایہ کاری میں توسیع اور ملک کے توانائی کے شعبے کی ترقی میں مزید کردار ادا کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر نے جی پی ایکس پی کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کمپنی کو سرمایہ کاری اور توسیعی منصوبوں کے لیے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور سہولت کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اور کویت برادر ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔

انہوں نے کویت کے ساتھ اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کو پاکستان کی اہم ترجیح قرار دیا۔ خالد الساعتی اور مصلح العتیبی نے مسلسل تعاون اور سہولت کاری پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ جی پی ایکس پی کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ کمپنی ملک کے توانائی کے شعبے میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہاں ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور پاکستان کے شعبہ تلاش اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔