یوکرین کے ساتھ امن معاہدے کا امکان موجود ہے،روس

روس نے کہا ہے کہ یوکرین کے تنازع کو حل کرنے کا موقع اب بھی موجود ہے، تاہم جنگ کے خاتمے کی راہ میں دونوں فریقین کے درمیان اختلافات بدستور بڑی رکاوٹ ہیں۔

ماسکو۔4ستمبر (اے پی پی):روس نے کہا ہے کہ یوکرین کے تنازع کو حل کرنے کا موقع اب بھی موجود ہے، تاہم جنگ کے خاتمے کی راہ میں دونوں فریقین کے درمیان اختلافات بدستور بڑی رکاوٹ ہیں۔

العربیہ اردو کے مطابق یہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے روس کے مشرق بعید میں منعقدہ ایک اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے یوکرین پر الزام عائد کیا کہ روسی فضائی حدود میں طیاروں کو لاحق ممکنہ خطرات سے متعلق اس کی وارننگز کو ’’ریاستی دہشت گردی‘‘ قرار دیا جا سکتا ہے۔ روسی صدر نے کہا کہ امریکا اور چین سمیت متعدد ممالک بھی امن کے ذریعے تنازع کے حل کی حمایت کے لیے تیار ہیں،لیکن آخرکار اس تنازع میں شامل دونوں ممالک، روس اور یوکرین کو ہی اس مسئلے کو حل کرنا ہوگا۔ یہی درست طریقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاہم ہم ان تمام لوگوں کے شکر گزار ہیں جو اس مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کیا کوئی موقع موجود ہے؟ میرے خیال میں ہاں، موقع موجود ہے۔ اس سے قبل روسی صدر نے کہا تھا کہ امریکا اور روس کے درمیان رابطے جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ روس ایسے کسی بھی فریق سے بات چیت کی مخالفت نہیں کرتا جو یوکرین کے حوالے سے مذاکرات میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہو۔روسی صدر نے امریکی نمائندے سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے ساتھ بات چیت کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ روس ہمیشہ امریکی مہمانوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔