لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ اور آن لائن کیبز میں کیو آرپنک بٹن کی تنصیب جاری

لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ، رکشوں اور آن لائن کیبز میں کیو آر پنک بٹن لگانے کا عمل جاری ہے، اب تک 67 ہزار 957 سے زائد گاڑیوں میں یہ سہولت فراہم کی جاچکی ہے۔

لاہور۔4ستمبر (اے پی پی):لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ، رکشوں اور آن لائن کیبز میں کیو آر پنک بٹن لگانے کا عمل جاری ہے، اب تک 67 ہزار 957 سے زائد گاڑیوں میں یہ سہولت فراہم کی جاچکی ہے۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شہر کے 45 مختلف مقامات پر ٹریفک ٹیمیں کیو آر پنک بٹن آویزاں کررہی ہیں، جبکہ ہر ٹریفک سیکٹر میں ٹیم کے علاوہ رکشوں کے لیے 12 علیحدہ ٹیمیں بھی مختص کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو قانونی دائرے میں لانے اور عوام کے تحفظ کے پیش نظر کیو آرپنک بٹن لازم قرار دیا گیا ہے۔ مختلف رکشہ یونینز کے اصرار پر 4 نئے لائسنس سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔سی ٹی او لاہور کاکہنا تھا کہ آن لائن کیبز میں جدید ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب سے مسافروں اور ڈرائیورز کی مانیٹرنگ مزید موثر ہوئی ہے، جبکہ سیفٹی اور سکیورٹی فیچرز نہ اپنانے والی آن لائن کیب سروسز کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو محفوظ، بااعتماد اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، جبکہ ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات سے ٹریفک نظم و ضبط اور شہری تحفظ میں نمایاں بہتری آرہی ہے۔