سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ہیریٹ ڈارٹ اور فرانسسکا جونز کی خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں شکست کے ساتھ ہی سنگلز مقابلوں میں برطانیہ کا سفر مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے۔
یو ایس اوپن ٹینس ، ہیریٹ ڈارٹ اور فرانسسکا جونز کی ناکامی، ویمنز سنگلز میں برطانوی چیلنج ختم

مزید خبریں
نیویارک۔4ستمبر (اے پی پی):سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ہیریٹ ڈارٹ اور فرانسسکا جونز کی خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں شکست کے ساتھ ہی سنگلز مقابلوں میں برطانیہ کا سفر مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے۔
بی بی سی کے مطابق ہیریٹ ڈارٹ اور فرانسسکا جونز دوسرے راؤنڈ میں اپنی اپنی سیڈڈ حریفوں کے ہاتھوں شکست کھا گئیں۔30 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں ہیریٹ ڈارٹ کو جمہوریہ چیک کی 25ویں سیڈ میری بوزکووا نے سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 2-6 سے شکست دی۔ عالمی درجہ بندی میں 131ویں نمبر پر موجود ہیریٹ ڈارٹ نے میچ کے دوران طبیعت ناساز ہونے کی شکایت بھی کی۔ہیریٹ ڈارٹ نے مقابلے کے دوران گردن پر برف سے بھرے تولیے رکھے اور وقفوں کے دوران ٹھنڈی ہوا کی مدد سے جسم کا درجہ حرارت کم کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے مسلسل کھیلنے کے باعث وہ مکمل طور پر فٹ محسوس نہیں کر رہی تھیں۔ہیریٹ ڈارٹ کی شکست کے بعد انگلینڈ فرانسسکا جونز یو ایس اوپن کے سنگلز میں آخری برطانوی کھلاڑی رہ گئی تھیں، تاہم انہیں بھی 14ویں سیڈ اور ابھرتی ہوئی امریکی سٹار 18 سالہ آئیوا جووچ نے سٹریٹ سیٹس 4-6، 4-6 سے شکست دے دی۔عالمی درجہ بندی میں فرانسسکا جونز اپنی حریف سے 90 درجے نیچے ہیں، لیکن انہوں نے 1 گھنٹہ 54 منٹ تک سخت مقابلہ کیا۔ آئیوا جووچ نے دونوں سیٹس میں برتری حاصل کرنے کے بعد فرانسسکا جونز کی بھرپور مزاحمت کا سامنا کیا، تاہم اہم مواقع پر بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔فرانسسکا جونز نے کہا کہ انہیں ایسا محسوس نہیں ہوا کہ وہ مکمل طور پر آؤٹ کلاس ہوئی ہیں اور مقابلہ معمولی مواقع کے فرق سے ان کے ہاتھ سے نکلا۔
رواں سال یو ایس اوپن کے مرکزی مقابلوں میں 9 برطانوی کھلاڑی شریک ہوئے، جو 1981 کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔ ان میں سے 4 کھلاڑی کوالیفائنگ مرحلے سے آئے تھے۔ مجموعی طور پر 5 برطانوی کھلاڑی دوسرے راؤنڈ تک پہنچے، لیکن کوئی بھی تیسرے راؤنڈ میں جگہ نہ بنا سکا۔جیکب فیرنلے کو 27ویں سیڈ ٹوماس مارٹن ایچیویری، جبکہ کوالیفائر ٹوبی سیموئل کو 18ویں سیڈ یری لہیتسکا نے شکست دی۔ کیٹی بولٹر کو ومبلڈن اوپن ٹینس کی رنر اپ کرولینا موچووا نے صرف 58 منٹ میں ہرا دیا۔مردوں کے مقابلوں میں کیمرون نوری، آرتھر فیری، ہیری وینڈلکن اور جان چوئنسکی پہلے ہی راؤنڈ میں شکست کھا کر باہر ہو گئے تھے۔ امریکی ٹینس کھلاڑی آئیوا جووچ اب تیسرے راؤنڈ میں فلپائن کی الیگزینڈرا ایالا کا سامنا کریں گی، جبکہ بوزکووا کی اگلی حریف پولینڈ کی 8ویں سیڈ آئیگا سویٹیک ہوں گی۔








