وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کا ادارہ فروغ قومی زبان کا دورہ، قومی زبان و ادب کے فروغ کے لیے کتابوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے پر زور

وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کا ادارہ فروغ قومی زبان کا دورہ، قومی زبان و ادب کے فروغ کے لیے کتابوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے پر زور

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے ادارہ فروغ قومی زبان کے دورہ کے موقع پر قومی زبان، ادب اور علمی سرمایہ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ادارہ فروغ قومی زبان ڈاکٹر راشد حمید کو ان کی تحریر کردہ پانچ نصابی کتب کے نصاب کا حصہ بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی علمی، ادبی اور تدریسی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ادارہ فروغ قومی زبان کے علمی و تحقیقی کام کو قومی سطح کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھی موثر انداز میں متعارف کرایا جائے، تاکہ دنیا کو ادارے کی اہمیت، علمی خدمات اور پاکستان کے زبان و ادب کے حوالے سے اس کے کردار سے آگاہی حاصل ہو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اردو زبان میں شائع ہونے والی اہم کتابوں کے دیگر زبانوں میں تراجم اور ان کی نمائشوں کو ملک کے مختلف شہروں تک محدود رکھنے کے بجائے عالمی سطح پر بھی پیش کیا جائے۔ انہوں نے خصوصی طور پر وسطی ایشیائی ممالک میں پاکستانی کتب اور علمی سرمایہ کی نمائشیں منعقد کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وسطی ایشیائی ممالک کی ثقافت اور تاریخ سے متعلق وہ کتابیں بھی ان نمائشوں میں شامل کی جائیں جن کا اردو میں ترجمہ ہو چکا ہے، بالخصوص ان ممالک کے صدور اور اہم شخصیات کی تحریر کردہ کتب کو بھی اجاگر کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت، تاریخ اور تہذیب کے موضوعات پر مبنی وہ کتابیں بھی عالمی سطح پر متعارف کرائی جائیں جن کے روسی، آذربائیجانی، ازبک اور فارسی زبانوں میں تراجم ہو چکے ہیں۔وفاقی وزیر نے ادارے کی مزید بہتری اور کارکردگی کو موثر بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو مختلف تجاویز بھی دیں اور اس امر پر زور دیا کہ قومی زبان و ادب کے فروغ کے لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے ممتاز اقبال شناس، ادیب، ماہرِ تعلیم اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ادارہ فروغ قومی زبان ڈاکٹر راشد حمید کی علمی و تدریسی خدمات کو بھی سراہا۔

انہوں نے ڈاکٹر راشد حمید کو پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے تحت ان کی تحریر کردہ نصابی کتب کی اشاعت اور پانچ کتب کے نصاب کا حصہ بننے پر خصوصی مبارکباد دی اور ملک و قوم کے لیے ان کی علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان ڈاکٹر مظہر سلیم بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر راشد حمید اور ڈاکٹر مظہر سلیم نے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی کو ادارے کی جانب سے مختلف کتب کے تحائف بھی پیش کیے۔وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی زبان، ادب، تاریخ اور ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے موثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور پاکستان کے علمی و ادبی سرمائے کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں متعارف کرایا جائے گا۔