قلات آپریشن میں 12 دہشت گردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے،وفاقی وزیر ریلوے
قلات آپریشن میں 12 دہشت گردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے،وفاقی وزیر ریلوے

مزید خبریں
اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بلوچستان کے علاقے قلات میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ قلات میں فتنۃ الخوارج کے 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنا سکیورٹی فورسز کی بڑی اور نمایاں کامیابی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی شجاعت، بہادری اور لازوال قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں، سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ملک کے دفاع اور استحکام کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
محمد حنیف عباسی نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور ریاست دشمن عناصر کا ہر سطح پر مکمل صفایا کیا جائے گا۔ انہوں نے عزم کا اعادہ کیا کہ فتنۃ الخوارج اور ان کے تمام سہولت کاروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہاکہ ’’عزم استحکام‘‘ کے قومی وژن کے تحت دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری قوم اور سکیورٹی فورسز کا عزم غیر متزلزل اور متحد ہے۔








