پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سی ڈی اے کی جانب سے فائر سیفٹی کی موک ڈرل کا انعقاد

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سی ڈی اے کی جانب سے فائر سیفٹی کی موک ڈرل کا انعقاد

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں فائر سیفٹی کے حوالے سے خصوصی موک ڈرل کا انعقاد کیا گیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق مشق کا مقصد کسی بھی ہنگامی یا آتشزدگی کی صورت میں مؤثر انداز میں فوری کارروائی، حفاظتی اقدامات اور ہنگامی ردِعمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانا تھا۔

موک ڈرل کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت میں آگ لگنے کی فرضی صورتحال پیدا کرکے حفاظتی اور امدادی اقدامات کا عملی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر آتشزدگی کی صورت میں عمارت سے محفوظ انخلاء، متعلقہ اداروں کو بروقت اطلاع، امدادی کارروائیوں اور دیگر ضروری حفاظتی طریقہ کار کی مشق کی گئی۔مشق میں پارلیمنٹ ہاؤس کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی اور سی ڈی اے کے متعلقہ عملے کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔

اس موقع پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موجود انتظامات اور مختلف امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔حکام کے مطابق اس طرح کی مشقوں کا مقصد ہنگامی حالات میں ادارہ جاتی تیاری کو یقینی بنانا، حفاظتی نظام کو مزید مضبوط کرنا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔

مزید خبریں