سکیورٹی فورسز کی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں متعدد کارروائیاں، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 36 دہشت گر د جہنم واصل
سکیورٹی فورسز کی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں متعدد کارروائیاں، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 36 دہشت گر د جہنم واصل

مزید خبریں
راولپنڈی۔4ستمبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز کی گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد کارروائیوں میں بھارتی پراکسیز فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشت گر د جہنم واصل کردئیے گئے۔2026ء میں بلوچستان میں آپریشنز کے دوران 1188 سے زائد دہشت گردوں کوجہنم واصل کیا جا چکا ہے۔ جمعہ کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کی بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کیخلاف انسداد دہشت گردی کے تحت موثر اور بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے اضلاع مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کیں،ان بھرپور کارروائیوں میں بھارتی پراکسیز فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشت گر د جہنم واصل ہوئے،4 ستمبر کو مستونگ میں آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 6بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا،دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد گولہ بارود کے ذخیرے اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات کو موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔
ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع کوئٹہ کے علاقہ شعبان میں کیا گیا جس میں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بناتے ہوئے 26 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ قلات میں کئے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا اور دو بھارتی سپانسر ڈ ہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو بھارتی سپانسر دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا،گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں میں بلوچستان بھر میں بھارتی پراکسیز فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 48 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
2026ء میں آپریشنز کے دوران 1188 سے زائد دہشت گردوں کوبلوچستان میں جہنم واصل کیا جا چکا ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عزم استحکام وژن کے تحت انسداد دہشت گردی کے آپریشنز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔







