صدر اور قائم مقام ریکٹر آئی آئی یو آئی پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد سے ترکیہ کے ماہرین تعلیم کے وفد کی ملاقات

صدر اور قائم مقام ریکٹر آئی آئی یو آئی پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد سے ترکیہ کے ماہرین تعلیم کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اور ترکیہ کے مختلف تعلیمی اداروں نے حلال خوراک، اسلامی طرزِ زندگی اور روحانی بڑھاپا شناسی کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں باہمی تعاون اور مشترکہ تحقیق کے امکانات کا جائزہ لیا ہے۔ پیر کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر اور قائم مقام ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد سے ترکیہ کے ماہرین تعلیم کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ورلڈ ایجنگ کونسل کے صدر اور ابن سینا انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ، معروف ماہر بڑھاپا شناسی پروفیسر ڈاکٹر کمال آیدن نے کی۔

وفد میں ابن خلدون یونیورسٹی استنبول کے سکول آف اسلامک سٹڈیز کے پروفیسر سردار دمیرل بھی شامل تھے جو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے سابق طالب علم بھی ہیں۔ ملاقات کے دوران پروفیسر ڈاکٹر کمال آیدن نے روحانیت اور انسانی فلاح و بہبود کے شعبوں میں یورپی اور اسلامی افکار کے درمیان بڑھتے ہوئے اشتراک پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے تجویز دی کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد روحانی بڑھاپا شناسی، اسلامی فکر اور حلال خوراک و طرزِ زندگی کے فروغ کے لئے علاقائی مرکز کے طور پر اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے مشرقی بلقان کی ریاستوں تک ادارہ جاتی روابط کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے امکانات پر بھی زور دیا۔

پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے وفد کو بتایا کہ یونیورسٹی کی فیکلٹی آف شریعہ اینڈ لاء میں حلال خوراک کے حوالے سے ڈپلومہ پروگرام پہلے سے جاری ہے جبکہ ماضی میں اس موضوع پر ایک کانفرنس بھی منعقد کی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی علوم کے شعبے میں یونیورسٹی کی علمی صلاحیتیں اس میدان میں مشترکہ تحقیق اور استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لئے موزوں بنیاد فراہم کرتی ہیں۔دونوں فریقوں نے باہمی تعاون کے وسیع امکانات سے اتفاق کرتے ہوئے اداروں کے درمیان باضابطہ روابط کے قیام کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں نارووال یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نائب صدر برائے امورِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ندیم شیخ، ڈائریکٹر روابط و انچارج تعلقات عامہ ڈاکٹر اسماء منصور اور شعبہ نفسیات کی چیئرپرسن ڈاکٹر نازیہ اقبال بھی موجود تھیں۔ قبل ازیں پروفیسر ڈاکٹر کمال آیدن نے یونیورسٹی کے خواتین کیمپس میں منعقدہ ایک سیمینار سے بھی خطاب کیا اور اساتذہ و طالبات کے ساتھ اپنے خیالات اور تجربات کا تبادلہ کیا۔

 

مزید خبریں