جیانی انفینٹینو کا فیفا صدارتی انتخاب میں دوبارہ حصہ لینے کا اعلان

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے تصدیق کی ہے کہ جیانی انفینٹینو آئندہ سال مارچ میں ہونے والے فیفا صدارتی انتخاب میں دوبارہ حصہ لیں گے

زیورخ۔7ستمبر (اے پی پی):فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے تصدیق کی ہے کہ جیانی انفینٹینو آئندہ سال مارچ میں ہونے والے فیفا صدارتی انتخاب میں دوبارہ حصہ لیں گے۔ اے ایف پی کے مطابق فٹ بال کی عالمی تنظیم نے ورلڈ کپ میں نجی سرمایہ کاری لانے کے اب منسوخ شدہ منصوبے پر شدید تنقید کے باوجود ان کی امیدوار کے طور پر تصدیق کی ہے۔ فیفا ترجمان کے مطابق اپریل میں کیا گیا اعلان برقرار ہے اور 56 سالہ سوئس عہدیدارجیانی انفینٹینو آئندہ انتخابات میں چوتھی اور آخری مدّت کے لیے میدان میں اتریں گے۔ اگر وہ دوبارہ منتخب ہوتے ہیں تو وہ 2031 تک عالمی فٹ بال کے سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

ورلڈ کپ کے مقابلوں میں نجی سرمایہ کاری لانے کے "فیفا فارورڈ انٹرپرائز” منصوبے پر یورپی فٹ بال باڈی یوئیفا نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فیفا کے تمام ٹورنامنٹس کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی دی تھی۔ تاہم، شمالی امریکا کی کونکاکاف (CONCACAF)، ایشیائی فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی )، افریقی فٹ بال فیڈریشن (سی اے ایف ) اور جنوبی امریکاکی کونمیبول (CONMEBOL) کی جانب سے جیانی انفینٹینو کو مضبوط حمایت حاصل ہے۔ نومبر 18 تک صدارتی امیدوار نامزد کیے جا سکتے ہیں جبکہ انتخاب مارچ 2027 میں ہوگا جس کے لیے 211 ملحقہ فیڈریشنز کی سادہ اکثریت درکار ہوگی۔جیانی انفینٹینو 2016 میں پہلی مرتبہ فیفا کے صدر منتخب ہوئے تھے اور 2023 میں دوبارہ اس عہدے پر فائز ہوئے۔

صدارتی امیدواروں کو اپنی نامزدگیاں 18 نومبر تک جمع کرانا ہوں گی۔ فی الحال جیانی انفینٹینو ہی واحد اعلان کردہ امیدوار ہیں۔