گورنمنٹ گریجویٹ کالج فارویمن سرگودھا کی فزیکل ایجوکیشن کی اسسٹنٹ پروفیسر صباحت بلوچ اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ایتھلیٹکس مقابلوں میں صوبائی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) سرگودھاآفس کامطالعاتی دورہ کیا
گورنمنٹ گریجویٹ کالج فارویمن فاروق کالونی سرگودھا کی فزیکل ایجوکیشن ٹیم کا اے پی پی آفس کا مطالعاتی دورہ

مزید خبریں
سرگودھا۔ 07 ستمبر (اے پی پی):گورنمنٹ گریجویٹ کالج فارویمن سرگودھا کی فزیکل ایجوکیشن کی اسسٹنٹ پروفیسر صباحت بلوچ اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ایتھلیٹکس مقابلوں میں صوبائی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) سرگودھاآفس کامطالعاتی دورہ کیا۔اس موقع پراسٹیشن انچارج مخدوم شاہ لطیف قریشی نےصباحت بلوچ اورطالبات کواے پی پی کے قیام، کردار اور پیشہ ورانہ ذُمہ داریوں کے حوالے سے آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ایسوسی ایٹڈپریس آف پاکستان ملک کی قومی خبر رساں ایجنسی ہے جو وفاقی حکومت کا ادارہ ہے اور وزارتِ اطلاعات و نشریات کے تحت کام کرتی ہے۔ اے پی پی ملک بھر سے قومی، علاقائی اور اہم دیگر خبروں کو جمع کرکے مختلف ذرائع ابلاغ تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔مخدوم شاہ لطیف قریشی نے صباحت بلوچ اور ان کی ٹیم کا اے پی پی سرگودھا آفس آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اُنہیں صوبائی سطح پر ایتھلیٹکس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ طالبات نےبہترین کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنے کالج بلکہ سرگودھا کا نام بھی پورے پنجاب میں روشن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری کالجز کے طلبہ و طالبات محدود وسائل کے باوجود اگر اپنی محنت، صلاحیت اور عزم سے صوبائی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کریں تو یہ ایک بڑی اچیومنٹ ہے اور گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن فاروق کالونی کی طالبات کی کامیابی اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ ٹیلنٹ کسی وسائل کا محتاج نہیں ہوتا۔انہوں نے مزید کہا کہ اے پی پی سرگودھا پہلے بھی کھیلوں سمیت مختلف سرگرمیوں کی کوریج کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کالج کے مختلف پروگرامز اور کھیلوں کے ایونٹس کی کوریج کے حوالے سے اے پی پی کی ٹیم اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔اس موقع پر طالبات نے اپنی فزیکل ایجوکیشن کی اسسٹنٹ پروفیسر میڈم صباحت بلوچ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ہماری فزیکل ایجوکیشن کی ٹیچر ہی نہیں بلکہ ہمارے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، ان سے ہمیں ایک استاد کے ساتھ ساتھ ماں جیسا پیار، شفقت اور حوصلہ ملتا ہے۔ طالبات نے کہا کہ میڈم صباحت بلوچ کی رہنمائی، محنت اور حوصلہ افزائی نے انہیں کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع فراہم کیا۔
میڈم صباحت بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کی جانب سے حاصل کی جانے والی ٹرافیوں اور کامیابیوں میں کالج کی پرنسپل میڈم منتہیٰ کی بھرپور سپورٹ شامل ہے، ان کی سرپرستی اور تعاون کے بغیر اس طرح کی کامیابیاں حاصل کرنا ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ طالبات کی کامیابی دراصل ان کی مسلسل محنت اور ادارے کی بھرپور حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہے۔ صوبائی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنا کوئی معمولی کامیابی نہیں بلکہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن فاروق کالونی، سرگودھا اور بالخصوص ان باصلاحیت طالبات کے لیے ایک بہت بڑی اچیومنٹ ہے۔ اس موقع پر انگلش رپورٹر و سینئر صحافی تنویر احمد قریشی، فوٹو جرنلسٹ رائے حسن محمود ڈھڈی سمیت دیگر موجود تھے۔








