وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کے شعبہ صحت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، جبکہ چین کے ساتھ صحت، ہیلتھ انشورنس، طبی تربیت، تحقیق اور جدید علاج کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔
وزیراعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کے شعبہ صحت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، عظمی بخاری
لاہور۔8ستمبر (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کے شعبہ صحت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، جبکہ چین کے ساتھ صحت، ہیلتھ انشورنس، طبی تربیت، تحقیق اور جدید علاج کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ووہان یونیورسٹی، تائی پنگ ہیلتھ اور دیگر معروف چینی اداروں کے ساتھ پنجاب میں ہیلتھ انشورنس کے شعبے میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔ چینی ہیلتھ انشورنس کمپنیوں کے تعاون سے پنجاب کے ہیلتھ انشورنس سیکٹر میں مزید بہتری آئے گی اور جدید انشورنس ماڈلز کو فروغ ملے گا۔
عظمی بخاری نے کہا کہ چین پاکستان مشترکہ نیورو سرجری تربیتی و طبی سیاحت مرکز ووہان میں قائم کیا گیا ہے، جو طبی تربیت، تحقیق اور علمی تبادلے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس مرکز کے ذریعے پاکستانی ڈاکٹرز کے لیے جدید طبی تربیت کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پروفیسر چن کی سربراہی میں چینی ہیلتھ انشورنس وفد نے پنجاب کے ہیلتھ سیکٹر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ چین کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب میں صحت کی سہولیات اور طبی خدمات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان مشترکہ نیورو سرجری مرکز کے شراکت داروں میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز، ژونگ نان ہسپتال ووہان اور سی پی ایم اے شامل ہیں۔ چینی اور پاکستانی ماہرین کے درمیان طبی مہارت، جدید علاج اور طبی علوم کے تبادلے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ کنیکٹ پروگرام کے ذریعے عالمی طبی ماہرین کو پنجاب کے طبی اداروں سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ پروگرام کے تحت پاکستانی ڈاکٹرز کی تربیت اور طبی مہارت کے تبادلے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین سے پنجاب کو جدید طبی ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ مہارت اور انسانی وسائل کی تربیت بھی منتقل ہو رہی ہے۔ چین اور پنجاب کے درمیان مشترکہ تحقیق اور جدید طبی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے ہیلتھ سیکٹر میں بین الاقوامی سرمایہ کاری اور جدید ہیلتھ انشورنس ماڈلز کا فروغ خوش آئند ہے۔ چین کے ساتھ تعاون سے پنجاب میں طبی تربیت، تحقیق، جدید علاج اور صحت کی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔









