پاک بحریہ کا نیوی ڈے، 1965ء کے بحری ہیروز کو خراجِ عقیدت

پاک بحریہ نے منگل کو نیوی ڈےمنایا اور 1965ء کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کے جانباز بحری جنگجوؤں کی بہادری کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر مادرِ وطن کے دفاع میں جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کی اس لازوال میراث کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جسے بعد کی نسلوں نے بھی آگے بڑھایا۔

راولپنڈی۔8ستمبر (اے پی پی):پاک بحریہ نے منگل کو نیوی ڈےمنایا اور 1965ء کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کے جانباز بحری جنگجوؤں کی بہادری کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر مادرِ وطن کے دفاع میں جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کی اس لازوال میراث کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جسے بعد کی نسلوں نے بھی آگے بڑھایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے نیوی ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تاریخی آپریشن سومناتھ نے ثابت کیا کہ عزم و حوصلے سے سرشار ایک مضبوط بحری قوت، عددی اور مادی وسائل کی کمی کے باوجود فیصلہ کن نتائج حاصل کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن سومناتھ کے دوران قائم ہونے والی جرات اور عزم کی روایت آج بھی برقرار ہے، جس کا ایک بار پھر مظاہرہ معرکۂ حق کے دوران بھارتی بحریہ کے خلاف پاکستان نیوی کی کامیاب اور مؤثرڈیٹرنس کی صورت میں ہوا۔

نیوی ڈے کا آغازقرآن خوانی اور شہداء کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، ان کی قربانیوں اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔نیوی ڈے کی تقریبات ملک بھر میں منعقد کی گئیں۔