اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور پاکستان میں نیوزی لینڈ کے غیر مقیم ہائی کمشنر ڈیوڈ پائن نے تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے شعبوں میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پیر کو نیوزی …
پاکستان، نیوزی لینڈ کا تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور پاکستان میں نیوزی لینڈ کے غیر مقیم ہائی کمشنر ڈیوڈ پائن نے تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے شعبوں میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پیر کو نیوزی لینڈ کے غیر مقیم ہائی کمشنر ڈیوڈ پائن سے ملاقات کی جس میں تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے 6 اگست 2026ء کو ویلنگٹن میں طے پانے والے تعلیمی تعاون کے انتظامی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ سکولی تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں عملی تعاون کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ ملاقات کے دوران ہنرمندی کے فروغ، صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت اور دونوں ممالک کے تعلیمی و تربیتی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس موقع پر انفارمیشن ٹیکنالوجی، خدمات اور زراعت سمیت ابھرتے ہوئے اور تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس امر پر زور دیا کہ تعلیمی تعاون کے انتظامی معاہدے کو ایسے ٹھوس اور پائیدار اقدامات میں تبدیل کیا جائے جو پاکستانی طلبہ، تعلیمی اداروں اور افرادی قوت کے لیے موثر اور دیرپا فوائد کا باعث بنیں۔انہوں نے انسانی وسائل کی ترقی اور معاشی نمو میں موثر کردار ادا کرنے والے عملی پروگراموں کی تشکیل کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی اور مسلسل باہمی رابطے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
نیوزی لینڈ کے غیر مقیم ہائی کمشنر ڈیوڈ پائن نے تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے نیوزی لینڈ کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں دونوں جانب سے تعلیمی تعاون کے انتظامی معاہدے کے تحت عملی اقدامات کو آگے بڑھانے اور قریبی روابط و مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔








