اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کی ہلاکت، ہزاروں افراد کی بے دخلی اور ہسپتال کی تباہی پر سخت تشویش ظاہر کی ہے۔
اقوام متحدہ کا جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں فوری روکنے کا مطالبہ

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔9ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کی ہلاکت، ہزاروں افراد کی بے دخلی اور ہسپتال کی تباہی پر سخت تشویش ظاہر کی ہے۔
شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ سیکرٹری جنرل نے خصوصاً ہسپتالوں، طبی عملے اور سرکاری اداروں کو نشانہ بنائے جانے اور انسانی امداد کی رسائی میں رکاوٹوں سے متعلق اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل کو ہفتے کے اختتام سے پیر تک ہونے والے حملوں، بالخصوص نباتیہ گورنری میں اسرائیلی کارروائیوں پر تشویش ہے۔ اگرچہ یہ حملے اقوام متحدہ کی امن فوج (یونیفل) کے دائرہ کار سے باہر ہوئے، تاہم امن فوج نے صورتحال پر گہری نظر رکھی اور مجموعی سکیورٹی صورتحال میں بگاڑ پر تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان کے مطابق یونیفل نے اسرائیلی فوجی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا، جس میں زمینی کارروائیاں، میزائل و دیگر گولہ باری، فضائی حملے اور لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔ جمعرات سے پیر تک یونیفل نے اسرائیلی فوج کی جانب سے داغے گئے 528 پروجیکٹائلز کا سراغ لگایا جبکہ جون کے آخر کے بعد پہلی مرتبہ حزب اللہ کی جانب سے داغا گیا ایک پروجیکٹائل بھی ریکارڈ کیا گیا۔اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (اوچا) نے لبنانی وزارت صحت کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہفتے سے پیر تک ہونے والے حملوں میں 27 افراد جاں بحق اور 69 زخمی ہوئے۔ وزارت صحت کے مطابق نباتیہ گورنری کے علاقے کفر رومانے میں ایک مکان پر حملے کے نتیجے میں 8 افراد، جن میں ایک بچہ اور دو خواتین شامل تھیں، جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے، جن میں چار بچے اور دو خواتین شامل ہیں۔
اوسی ایچ اے کے مطابق اسرائیلی کارروائیوں کے باعث لوگ اپنے گھروں سے نقل مکانی پر مجبور ہو رہے ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے نباتیہ ضلع سے تقریباً 5 ہزار خاندان، یعنی لگ بھگ 20 ہزار افراد، نقل مکانی کر چکے ہیں۔اقوام متحدہ کے ادارے نے بتایا کہ اتوار کو نباتیہ گورنری کے علاقے نباتیہ الفوقا میں واقع گاندور ہسپتال تباہ ہوگیا جبکہ سرکاری دفاتر کو بھی نقصان پہنچا۔اوچا نے ایک بار پھر بین الاقوامی انسانی قانون کی مکمل پاسداری، شہریوں، طبی مراکز اور شہری بنیادی ڈھانچے کے تحفظ اور متاثرہ افراد تک انسانی امداد کی رسائی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔








