علمی و ادبی شخصیات کے اعزاز میں منفرد اقدام پروفیسر محمد نسیم شاہد کے گھر کے باہر لوحِ اعزاز کی نقاب کشائی

کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی جانب سے شہر کی علمی، ادبی اور ثقافتی شخصیات کی خدمات کے اعتراف اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منفرد اقدام جاری ہے۔

ملتان ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی جانب سے شہر کی علمی، ادبی اور ثقافتی شخصیات کی خدمات کے اعتراف اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منفرد اقدام جاری ہے۔

اس سلسلے میں ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، محققین اور دیگر علمی شخصیات کے گھروں کے باہر اعزازی تختیاں نصب کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں معروف ماہر تعلیم، محقق، مصنف اور کالم نگار پروفیسر محمد نسیم شاہد کے گھر کے باہر لوحِ اعزاز کی نقاب کشائی کی گئی۔ اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ پروفیسر محمد نسیم شاہد نے علم، تحقیق، تدریس، ادب اور صحافت کے میدان میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ ان کی 37 سالہ تدریسی خدمات اور ہزاروں طلبہ کی علمی و فکری تربیت قابلِ فخر ہے۔ ان کی علمی، ادبی اور صحافتی خدمات ملتان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔کمشنر نے کہا کہ اہلِ علم، ادیبوں، شاعروں اور اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

معاشرے کی بہتری کے لیے صرف حکومت نہیں بلکہ شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ صفائی، تجاوزات اور دیگر سماجی مسائل کے حل کے لیے عوام میں شعور اور ذمہ داری پیدا کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سکولوں میں بچوں کی تربیت کے لیے لائف سکلز کے مضمون کی تیاری پر بھی کام جاری ہے، جبکہ علما کرام کے ساتھ مل کر سماجی مسائل اجاگر کرنے اور عوامی شعور بیدار کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔پروفیسر محمد نسیم شاہد نے لوحِ اعزاز کے اقدام کو سراہتے ہوئے کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ قلم کو عزت اور اہمیت دینا خوش آئند ہے۔ لوحِ اعزاز کے ذریعے علمی و ادبی خدمات کا اعتراف ایک دائمی اور یادگار اقدام ہے۔ انہوں نے کمشنر کی نیک نیتی، صلاحیت اور کمٹمنٹ کو بھی سراہا۔ تقریب میں افسران، ادیبوں، شاعروں، اساتذہ، صحافتی و سماجی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔