میڈیکل ڈائریکٹر ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد ڈاکٹر عمران خان نے ڈائلیسز یونٹ کا تفصیلی دورہ کر کے مریض کے داخلہ سے ڈائلیسز اور ڈسچارج تک مکمل طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا۔
میڈیکل ڈائریکٹر ایوب ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ ڈائلیسز یونٹ،صورتحال کا جائزہ لیا

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 9 ستمبر (اے پی پی):میڈیکل ڈائریکٹر ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد ڈاکٹر عمران خان نے ڈائلیسز یونٹ کا تفصیلی دورہ کر کے مریض کے داخلہ سے ڈائلیسز اور ڈسچارج تک مکمل طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈاکٹر عمران خان نے ڈائلیسز یونٹ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے مریض کے بکنگ کے مرحلہ کےلئے ڈائلیسز کے مکمل عمل اور بعد ازاں مریض کے ڈسچارج تک کے راستے کا مرحلہ وار جائزہ لیا۔ انہوں نے چار گھنٹے کے ڈائلیسز سیشن کے دوران جاری رہنے والے مریضوں کی حفاظت نرسنگ کیئر، پیرا میڈیکل اور میڈیکل مانیٹرنگ سمیت تمام اہم پہلوؤں کا بغور معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈائلیسز کے دوران مریضوں کی طبی حالت اور اہم علامات کی مسلسل نگرانی کی ضرورت پر خصوصی زور دیا۔ دورے کے دوران آر او پلانٹ کی حفاظتی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ پلانٹ میں نصب برقی پانی کے پمپس کی الیکٹریکل سیفٹی کا بھی معائنہ کیا گیا۔ ڈاکٹر عمران خان نے مختلف امور کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں فوری توجہ کے ساتھ بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
میڈیکل ڈائریکٹر نے ایکسپیریئنشل رجسٹرار ڈاکٹر شاہین جو نیفرالوجی سروسز اور ڈائلیسز یونٹ کی مجموعی نگران ہیں، کو ہدایت کی کہ یونٹ میں تعینات ہاؤس آفیسرز کو تینوں شفٹوں میں ڈائلیسز یونٹ کے ساتھ روٹیشن پر تعینات کیا جائے تاکہ ڈائلیسز کے دوران مریضوں کو مسلسل طبی نگرانی اور بروقت میڈیکل سپورٹ فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائلیسز کے دوران مریضوں کی اہم علامات کی مسلسل اور موثر نگرانی کےلئے یونٹ میں نرسز کی مناسب تعیناتی ضروری ہے تاکہ کسی بھی طبی پیچیدگی کی بروقت نشاندہی کر کے فوری طور پر ڈیوٹی ڈاکٹر یا رجسٹرار کو آگاہ کیا جا سکے۔
ڈاکٹر عمران خان نے ڈائلیسز یونٹ میں ایمرجنسی اور ریسسیٹیشن کی تیاری کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یونٹ کو جلد ہی مکمل طور پر لیس کریش کارڈ فراہم کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد ممکن بنائی جا سکے۔ میڈیکل ڈائریکٹر نے ہدایت کی کہ تمام طویل عرصہ سے ڈائلیسز کروانے والے مریضوں کی باقاعدہ مریض فائل بنائی جائے جس میں ان کے تمام ڈائلیسز سیشنز کا مکمل ریکارڈ محفوظ کیا جائے، یہ فائل مریض کی مستقل طبی تاریخ اور ڈائلیسز یونٹ میں رجسٹریشن کا مستقل ریکارڈ ہو گا۔ مریضوں کی سہولت کےلئے ڈائلیسز ڈیپارٹمنٹ میں جلد ہی مخصوص کمپیوٹرائزڈ ریسپشن قائم کیا جائے گا جہاں مریض براہِ راست ڈائلیسز یونٹ میں داخل ہو سکیں گے اور انہیں غیر ضروری طور پر ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ سے رجوع نہیں کرنا پڑے گا۔








