ہانگ کانگ۔9ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بدھ کو ہانگ کانگ میں منعقدہ 11 ویں بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ بدھ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق سمٹ میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے شراکت دار ممالک کے اعلیٰ سیاسی رہنمائوں، وزراء، سفارت کاروں، کاروباری شخصیات اور نمائندوں نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے قبل وفاقی وزیر تجارت …
وفاقی وزیر تجارت کی 11 ویں بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت، ہانگ کانگ میں علاقائی رہنمائوں سے ملاقاتیں
ہانگ کانگ۔9ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بدھ کو ہانگ کانگ میں منعقدہ 11 ویں بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ بدھ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق سمٹ میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے شراکت دار ممالک کے اعلیٰ سیاسی رہنمائوں، وزراء، سفارت کاروں، کاروباری شخصیات اور نمائندوں نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے قبل وفاقی وزیر تجارت نے ہانگ کانگ کے خصوصی انتظامی علاقے کے چیف ایگزیکٹو جان لی کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ عشائیے میں شرکت کی۔
استقبالیہ میں ازبکستان، قازقستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے وزراء، لائوس کے نائب وزیراعظم، چین کے نائب وزیر تجارت، ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو اور اعلیٰ حکام سمیت متعدد اعلیٰ شخصیات، سفارت کاروں اور کاروباری رہنمائوں نے شرکت کی۔تقریب کے دوران جام کمال خان نے مختلف وزراء اور معزز شخصیات سے تفصیلی ملاقاتیں اور تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو، علاقائی روابط، تجارتی تعاون اور اقتصادی و عالمی معیشت کی ترقی کے لیے اس کے وسیع تر فوائد پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔وفاقی وزیر نے چیف ایگزیکٹو جان لی سے بھی خوشگوار ماحول میں ملاقات کی جبکہ چین کے نائب وزیر تجارت، بنگلہ دیش کے وزیر تجارت، سری لنکا کے وزیر تجارت و صنعت اور دیگر شریک ممالک کے رہنمائوں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
11 ویں بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ کی باضابطہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی نے روابط کے فروغ، اقتصادی مواقع میں توسیع اور شریک معیشتوں کے درمیان تعاون کے استحکام میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی اہمیت کو اجاگر کیا۔افتتاحی سیشن سے ازبکستان کے وزیراعظم، یوراگوئے کے نائب صدر اور لائوس کے نائب وزیراعظم نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے بیلٹ اینڈ روڈ فریم ورک کے تحت گہرے تعاون، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ، مضبوط علاقائی روابط اور مشترکہ اقتصادی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ بہتر علاقائی روابط، قریبی اقتصادی تعلقات اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے اور بیلٹ اینڈ روڈ کے شراکت دار ممالک سمیت عالمی معیشت میں پائیدار ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔پاکستان نے بھی سمٹ میں ایک خصوصی سٹال قائم کیا ہے جہاں بین الاقوامی مندوبین اور کاروباری نمائندوں کے سامنے پاکستان کی تجارتی، سرمایہ کاری اور کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان 10 ستمبر کو سمٹ میں خصوصی خطاب کریں گے جس میں وہ تجارت، علاقائی روابط، اقتصادی تعاون اور بیلٹ اینڈ روڈ کے شراکت دار ممالک کے ساتھ مزید گہرے روابط کے مواقع کے حوالے سے پاکستان کا موقف اجاگر کریں گے۔وفاقی وزیر کی سمٹ میں شرکت اور مختلف رہنمائوں سے ملاقاتیں علاقائی شراکت داری کے فروغ، روابط میں بہتری، بین الاقوامی تجارت میں توسیع اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔









