گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سے سوساں روڈ کی تعمیر ومرمت اور بحالی کا کام مقررہ ڈیڈ لائن سے قبل مکمل

گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سے سوساں روڈ کی تعمیر ومرمت اور بحالی کا کام مقررہ ڈیڈ لائن سے قبل مکمل کرلیا گیا ہے جس کی بدولت نہ صرف یونیورسٹی کی طالبات اور فیکلٹی ممبران بلکہ عام شہریوں کو بھی آمدورفت کی معیاری سفری سہولیات میسرآرہی ہیں

فیصل آباد ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سے سوساں روڈ کی تعمیر ومرمت اور بحالی کا کام مقررہ ڈیڈ لائن سے قبل مکمل کرلیا گیا ہے جس کی بدولت نہ صرف یونیورسٹی کی طالبات اور فیکلٹی ممبران بلکہ عام شہریوں کو بھی آمدورفت کی معیاری سفری سہولیات میسرآرہی ہیں۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے سوساں روڈ کا دورہ کیا اور کارپٹ تعمیر کا جائزہ لیتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کو لین مارکنگ،سائیڈ پر پڑے ملبہ کو اٹھانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ روڈ کا لیول برقرار رکھنے کے لئے مین ہولز کے ڈھکنوں کو درست کریں جو سڑک کی سطح سے اوپر نہیں ہونے چاہیں۔انہوں نے ریکارڈ مدت میں روڈ کی مرمت وبحالی پر میونسپل کارپوریشن کے ایم او آئی محمد زبیر کو شاباش دی۔موقع پر موجود طالبات اور فیکلٹی ممبران نے روڈ کی تعمیر پر شکریہ اداکیا اور کہا کہ جڑانوالہ روڈ پر میٹرو بس پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کے باعث یہ متبادل روٹ ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا جسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کراکر ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔

دریں اثناء کمشنر فیصل آباد نے کوہ نور چوک جڑانوالہ روڈ سے جی سی ویمن یونیورسٹی تک روڈ کی جاری تعمیراتی پیشرفت کا معائنہ کیا۔انہوں نے ہائی ویز کے افسران کو22 اکتوبر2026ء تک اہم شاہراہ کی تعمیر ومرمت اور بحالی کا حکم دیا اور واضح کیا کہ مقررہ ٹائم لائن کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے تعمیراتی عمل کے دوران شہری حقوق کا خیال رکھنے اور گردوغبار کی روک تھام کے لئے پانی کے مسلسل چھڑکاؤ کی تاکید بھی کی۔انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران یہ متبادل روٹ بڑی اہمیت کا حامل ہے لہذا تعمیراتی عمل تیزی سے جاری رہنا چاہیے۔کمشنر فیصل آباد نے کینال روڈ سے فیسکو روڈپر جاکر تعمیر کے حوالے سے بریفنگ بھی لی اور12 ستمبر سے کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ اندرونی سڑکوں کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جارہاہے تاکہ شہریوں کو آمدروفت کی معیاری اور آسان سفری سہولیات دستیاب ہوں۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان،سی او میونسپل کارپوریشن عثمان غنی،میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر محمد زبیر اور ہائی ویزکے افسران کمشنر کے ہمراہ کفایت شعاری پالیسی کے تحت ایک کوسٹرمیں سفر کررہے تھے۔