بلوچستان یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام اور محکمہ امورِ نوجوانان حکومتِ بلوچستان کے زیرِ اہتمام جامع تربیتی پروگرام کا انعقاد

بلوچستان یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام اور محکمہ امورِ نوجوانان حکومتِ بلوچستان کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر میں طالبات کی پیشہ ورانہ، قائدانہ اور عملی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے چار روزہ جامع تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں 62 سے زائد طالبات نے شرکت کی۔

کوئٹہ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام اور محکمہ امورِ نوجوانان حکومتِ بلوچستان کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر میں طالبات کی پیشہ ورانہ، قائدانہ اور عملی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے چار روزہ جامع تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں 62 سے زائد طالبات نے شرکت کی۔یہ اقدام وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی قیادت اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ کی رہنمائی میں نوجوانوں بالخصوص طالبات کو تعلیم کے ساتھ عملی، پیشہ ورانہ اور روزگار سے متعلق مہارتیں فراہم کرنے کے حکومتی وژن کا حصہ ہے۔

تربیتی ورکشاپ کے پہلے روز ڈاکٹر عبدالماجد ناصر نے ابلاغ اور باہمی روابط کی مہارتوں کے موضوع پر طالبات کو تربیت فراہم کی۔ دوسرے روز قر العین نے قائدانہ اور انتظامی صلاحیتوں کے حوالے سے عملی تربیتی سیشن منعقد کیا، جبکہ تیسرے اور چوتھے روز ڈاکٹر غلام جان کی زیرِ نگرانی کاروباری صلاحیتوں، کیریئر کاونسلنگ، سی وی رائٹنگ اور فرضی انٹرویوز کے موضوعات پر تربیت دی گئی۔چار روزہ تربیت کے دوران طالبات کو عملی زندگی میں درپیش چیلنجز کا موثر انداز میں سامنا کرنے، اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے، روزگار کے مواقع سے استفادہ کرنے اور مستقبل کے لیے پیشہ ورانہ طور پر خود کو تیار کرنے کے حوالے سے مفید رہنمائی فراہم کی گئی۔

ورکشاپ میں اس امر پر زور دیا گیا کہ نوجوان بالخصوص خواتین کو معیاری تعلیم کے ساتھ جدید مہارتوں، پیشہ ورانہ رہنمائی اور روزگار و کاروبار کے مواقع فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ایسے تربیتی پروگرام نوجوانوں میں خود اعتمادی، قیادت اور خود انحصاری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

مزید خبریں