ایبٹ آباد میں الشفاء آئی ٹرسٹ کی جانب سے تین روزہ آئی کیمپ کے دوسرے روزمتعدد مریضوں کی آنکھوں کاآپریشن کیاگیا۔کیمپ میں مریضوں کو او پی ڈی، آنکھوں کا معائنہ، عینک، ادویات اور ضرورت کے مطابق آپریشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے
ایبٹ آباد میں الشفاء آئی ٹرسٹ کی جانب سے تین روزہ فری آئی کیمپ کا دوسرا دن، متعدد مریضوں کی آنکھوں کاآپریشن کیاگیا

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 09 ستمبر (اے پی پی):ایبٹ آباد میں الشفاء آئی ٹرسٹ کی جانب سے تین روزہ آئی کیمپ کے دوسرے روزمتعدد مریضوں کی آنکھوں کاآپریشن کیاگیا۔کیمپ میں مریضوں کو او پی ڈی، آنکھوں کا معائنہ، عینک، ادویات اور ضرورت کے مطابق آپریشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔خادم ہیلپ فائونڈیشن سردار عبدالرشید کے مطابق کیمپ کے دوران اب تک بڑی تعداد میں مریضوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے جبکہ متعدد مریضوں کے کامیاب آپریشن بھی کیے گئے ہیں۔جنرل منیجر الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال ڈاکٹر نجم اور ڈاکٹر فیاض احمد نے مریضوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد اور گردونواح کے علاوہ مانسہرہ سمیت دیگر علاقوں سے آنے والے مستحق مریض بھی کیمپ سے استفادہ کریں، ہر مریض کا باقاعدہ معائنہ کیا جائے گا اور جس مریض کو عینک، ادویات یا آپریشن کی ضرورت ہوگی، اسے ضرورت کے مطابق سہولت فراہم کی جائے گی۔کیمپ کا آخری روز کل ہوگا، اس لیے جو مریض آنکھوں کے مسائل کا شکار ہیں وہ بروقت کیمپ پہنچیں اور اپنی باری کا انتظار کریں۔ مریضوں سے اپیل کی گئی ہے کہ لائن نہ توڑیں اور ڈاکٹرز و طبی عملہ کو اپنا کام کرنے دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کا باقاعدہ اور اطمینان بخش معائنہ ممکن بنایا جا سکے۔جنرل منیجر الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال ڈاکٹر نجم کے مطابق ادارے کا مقصد پاکستان میں قابلِ علاج نابینائی کے خاتمہ میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ اسی مقصد کے تحت ملک کے مختلف علاقوں میں موبائل آپریشن پروگرامز اور مفت طبی کیمپ منعقد کیے جاتے ہیں، جہاں مستحق اور کم آمدنی والے افراد کو آنکھوں کے علاج کی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔کیمپ میں جدید طریقۂ علاج کے تحت آنکھوں کے مختلف آپریشنز، بشمول فیکو سرجری، کے ساتھ ساتھ کنسلٹیشن، عینک اور ادویات کی سہولت بھی مفت فراہم کی جا رہی ہے۔الشِفاء ٹیم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر آپ یا آپ کے کسی عزیز کو آنکھوں کا مسئلہ درپیش ہے اور وہ علاج کے متحمل نہیں، تو اس مفت کیمپ سے ضرور استفادہ کریں۔مریضوں سے گزارش ہے کہ کیمپ کے آخری روز اپنی باری اور عملہ کی ہدایات کا خیال رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اس سہولت کی اطلاع پہنچائیں تاکہ کوئی مستحق مریض مفت علاج کی اس سہولت سے محروم نہ رہ جائے۔








