وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل محمد عون چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت مزدور دوست پالیسیوں، مزدوروں کے بچوں کے لیے معیاری تعلیم، رہائشی سہولیات اور دیگر فلاحی اقدامات کے ذریعے محنت کش طبقے کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
حکومت فلاحی اقدامات کے ذریعے محنت کش طبقے کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، وزیر مملکت محمد عون چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل محمد عون چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت مزدور دوست پالیسیوں، مزدوروں کے بچوں کے لیے معیاری تعلیم، رہائشی سہولیات اور دیگر فلاحی اقدامات کے ذریعے محنت کش طبقے کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انھوں نے یہ بات بدھ کو یہاں ورکرز ویلفیئر فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) سیکرٹریٹ اسلام آباد کے دورے کے موقع پر کہی۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف سیکریٹریٹ آمد پر ڈبلیو ڈبلیو ایف کے سیکرٹری ذوالفقار احمد اور سینئر حکام نے وزیر مملکت کا استقبال کیا اور انہیں ادارے کے جاری فلاحی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی جن میں تعلیم، رہائش ،کارکنوں اور ان کے اہل خانہ کو فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات شامل ہیں۔اس موقع پر وزیر مملکت نے فنڈ کے انتظامی امور، فلاحی منصوبوں اور صنعتی کارکنوں اور ان کے خاندانوں کے لیے سہولیات کا جائزہ لیا۔
عون چوہدری نے ریکارڈ ریونیو اکٹھا کرنے پر سیکرٹری اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور اسے ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے ادارے کی مجموعی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں اور وفاقی وزیر برائے سمندرپار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین کی کوششوں کو ورکرز کی فلاح و بہبود پر زیادہ توجہ دینے کا سبب قرار دیا۔انھوں نے ڈبلیو ڈبلیو ایف کی اپنے سسٹمز کو ڈیجیٹل کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی طرف منتقلی سے شفافیت میں اضافہ ہوگا، خدمات کی فراہمی میں تیزی آئے گی اور فلاحی پروگراموں کی نگرانی کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے فنڈ کی کیش لیس پالیسی کی خاص طور پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیا ہے جبکہ ورکرز اور ان کے خاندانوں کے لیے فلاحی سہولیات کی فراہمی کو آسان، محفوظ اور زیادہ موثر بنایا ہے۔وزیر مملکت نے ڈیجیٹلائزیشن اور کیش لیس نظام کو پبلک سیکٹر میں جدید طرز حکمرانی کی ایک مثال قرار دیا اور اس طرح کی اصلاحات کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی پالیسیوں اور وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پرعزم ہے اور کارکنوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت ڈبلیو ڈبلیو ایف کو مزید موثر، شفاف اور جدید ادارہ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرتے ہوئے ورکرز کے حقوق کے تحفظ اور انہیں زیادہ سے زیادہ فلاحی سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔ ذوالفقار احمد نے ڈبلیو ڈبلیو ایف کا دورہ کرنے پر وزیر مملکت عون محمد چوہدری کا شکریہ ادا کیا اور ادارے کے کارکنوں اور ان کے خاندانوں کے لیے اپنی ذمہ داریاں زیادہ موثر انداز میں ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دورے کے اختتام پر وزیر مملکت کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔








