بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کا پشتون باغ میں 5 جی پی کلینکس کا معائنہ، 3 کو آخری نوٹس جاری

بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے کوئٹہ کے علاقے پشتون باغ میں فالو اپ فیلڈ وزٹ کرتے ہوئے 5 جنرل پریکٹیشنر (GP) کلینکس کا معائنہ کیا

کوئٹہ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے کوئٹہ کے علاقے پشتون باغ میں فالو اپ فیلڈ وزٹ کرتے ہوئے 5 جنرل پریکٹیشنر (GP) کلینکس کا معائنہ کیا۔

بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے فوکل پرسن ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ کے مطابق معائنے کا مقصد متعلقہ طبی معیارات اور قوانین پر عملدرآمد کا جائزہ لینا اور صحت کی سہولیات میں مریضوں کے تحفظ اور معیار کو یقینی بنانا تھا۔ معائنے کے دوران ایک جی پی کلینک کی جانب سے پہلے عائد کیا گیا جرمانہ ادا کرنے کی تصدیق ہوئی، جبکہ ایک ڈینٹل کلینک نے بھی سابقہ عائد جرمانہ ادا کردیا۔مسلسل عدم تعمیل پر 3 جی پی کلینکس کو آخری نوٹسز جاری کیے گئے۔

بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں معیاری طبی سہولیات، مریضوں کے تحفظ، کلینیکل گورننس اور متعلقہ ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے نگرانی اور کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔کمیشن کے مطابق فالو اپ معائنے اور انفورسمنٹ کارروائیاں بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2019 اور متعلقہ قوانین و ضوابط کے تحت جاری رکھی جائیں گی۔