کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے ملتان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور ہسپتال میں فائر سیفٹی کے حوالے سے جاری موک ایکسرسائز کا جائزہ لیا۔
کمشنر ملتان کا ملتان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ، فائر سیفٹی کے حوالے سے جاری موک ایکسرسائز کا جائزہ

مزید خبریں
ملتان ۔ 10 ستمبر (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے ملتان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور ہسپتال میں فائر سیفٹی کے حوالے سے جاری موک ایکسرسائز کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ہنگامی صورتحال میں مریضوں کے محفوظ انخلا، ریسکیو اقدامات اور ایمرجنسی رسپانس کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ کمشنر نے موک ایکسرسائز کے دوران ہسپتال کے مختلف حصوں میں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہنگامی صورتحال میں ہسپتال انتظامیہ، طبی عملے اور ریسکیو ٹیموں کے باہمی رابطے اور فوری کارروائی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ موک ایکسرسائز کا مقصد ہنگامی صورتحال میں ادارے کی تیاریوں کو جانچنا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں بروقت اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فائر سیفٹی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ہسپتال میں حفاظتی اقدامات کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال جاری رکھی جائے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اس لیے فائر سیفٹی سمیت تمام ایمرجنسی انتظامات ہر وقت فعال اور مؤثر ہونے چاہئیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ریسکیو 1122 کے ساتھ رابطہ مزید مضبوط بنانے کی بھی ہدایت کی۔کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے استفسار کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ایم ایس، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 اور دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔








