لاہور میں 14ویں سائوتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب محمد طارق قریشی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں سائوتھ ایشین گیمز میں ہونے والے مختلف ایونٹس کا جائزہ لیا گیا
14ویں سائوتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

مزید خبریں
لاہور۔10ستمبر (اے پی پی):لاہور میں 14ویں سائوتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب محمد طارق قریشی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں سائوتھ ایشین گیمز میں ہونے والے مختلف ایونٹس کا جائزہ لیا گیاجبکہ سپورٹس وینیوز، کھلاڑیوں کی رہائش اور سکیورٹی کے انتظامات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ ساتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
نارووال سپورٹس کمپلیکس میں بھی گیمز کے انعقاد کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 14ویں سائوتھ ایشین گیمز سے پاکستان کی سپورٹس کا وقار بلند ہوگا،گیمز میں شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ورلڈ کلاس سپورٹس سہولیات فراہم کی جائیں گی۔پنجاب میں پہلے ہی ورلڈ کلاس سپورٹس سہولیات موجود ہیں۔14ویں سائوتھ ایشین گیمز پاکستان میں3 سے11 اپریل2027 تک اسلام آباد،لاہور اور پشاور میں منعقد ہوں گی۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل پاکستان سپورٹس بورڈ اور ڈائریکٹر نیشنل کوچنگ اینڈ ٹریننگ سنٹر لاہور نے آن لائن شرکت کی جبکہ فٹنس اینڈ سپورٹس ڈائریکٹوریٹ، ڈپٹی سیکرٹری پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور ڈی ایس او نارووال کے نمائندگان بھی آن لائن شریک ہوئے۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ پنجاب، ڈپٹی سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔








