ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کا سراجیہ پارک سیدپور روڈ، یو سی 15 اور مورگاہ کا دورہ

ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے سراجیہ پارک سیدپور روڈ، یو سی 15 اور مورگاہ کا دورہ کرکے جاری صفائی آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا

راولپنڈی۔ 10 ستمبر (اے پی پی):ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے سراجیہ پارک سیدپور روڈ، یو سی 15 اور مورگاہ کا دورہ کرکے جاری صفائی آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ورکرز کی حاضری، فلیٹ آپریشن اور دیگر آپریشنل امور کا معائنہ کیا جبکہ صفائی ورکرز اور شہریوں سے تفصیلی گفتگو کرکے صفائی کے معیار اور درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر منیجر آپریشنز ڈسٹرکٹ راولپنڈی عامر یونس نائیک، منیجر آپریشنز سٹی سید حسن سردار اور دیگر آپریشنز عملہ بھی موجود تھا، جنہوں نے ایم ڈی کو جاری صفائی آپریشن، سموگ اور ڈینگی کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات اور فیلڈ سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔رانا ساجد صفدر نے ہدایت کی کہ شہر بھر میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، ورکرز کی حاضری اور فلیٹ آپریشن کو مؤثر رکھا جائے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے صفائی ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور شہریوں سے بھی صفائی کے عمل میں بھرپور تعاون کی اپیل کی۔دریں اثنا ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے شہر بھر میں سموگ اور ڈینگی کے خاتمے کے لیے شہری آگاہی مہم بھی جاری ہے۔ لیاقت روڈ مارکیٹ اور ہارون چوک کری روڈ کے سکول میں کمیونیکیشن ٹیم کے ارکان نے شہریوں، دکانداروں اور طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے صفائی کی اہمیت و افادیت، صاف ماحول کے صحت پر مثبت اثرات اور گندگی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی،کمیونیکیشن ٹیم نے طلبہ اور شہریوں کو سموگ اور ڈینگی سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر، صفائی برقرار رکھنے اور ستھرا پنجاب کی ہیلپ لائن 1139 کے حوالے سے معلومات فراہم کیں جبکہ آگاہی پر مشتمل معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

اس موقع پر کمیونیکیشن ٹیم نے شہریوں اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ گھروں، گلیوں، بازاروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف صفائی کا خصوصی خیال رکھیں، کچرا کھلے عام نہ پھینکیں اور سموگ و ڈینگی کی روک تھام کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ شہریوں نے ستھرا پنجاب ایجنسی کی صفائی اور آگاہی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔