وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں قانونی تعلیم کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے، لیگل ایجوکیشن کے معیار میں بہتری کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔پاکستان بار کونسل کے لیگل ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کی سالانہ رپورٹ کے اجراء کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ …
لیگل ایجوکیشن کی بہتری کیلئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھیں گے، اعظم نذیر تارڑ

مزید خبریں
اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں قانونی تعلیم کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے، لیگل ایجوکیشن کے معیار میں بہتری کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔پاکستان بار کونسل کے لیگل ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کی سالانہ رپورٹ کے اجراء کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ جب وہ 2010ء میں پاکستان بار کونسل کے رکن بنے تو انہیں لیگل ایجوکیشن کمیٹی کے چیئرمین کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15 سال کے دوران ملک میں لاء کالجز اور قانونی تعلیم کے حوالے سے متعدد مسائل سامنے آئے جن کے حل کیلئے مختلف اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایوننگ کلاسز ختم کی گئیں کیونکہ ان میں جعلی اور غیرحاضر طلبہ کے داخلوں کے مسائل سامنے آتے تھے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں لاء گیٹ متعارف کرایا گیا جبکہ قانونی تعلیم کے معیار کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ایل ایل بی کے پانچ سالہ پروگرام کو چار سالہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 2022-23 میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ملک کا ہر لاء کالج اپنے طلبہ کا مکمل ڈیٹا پاکستان بار کونسل کے ساتھ شیئر کرے گا جو لاء کالج طلبہ کا ڈیٹا فراہم نہیں کرے گا، اس کے طلبہ کی ڈگری رجسٹر نہیں کی جائے گی۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ قانونی تعلیم کے معیار میں بہتری ایک مسلسل عمل ہے، اس مقصد کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ ملک میں معیاری قانونی تعلیم کو فروغ دیا جا سکے۔پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین منیر ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیگل ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ سپریم کورٹ کے حکم پر قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے قانونی تعلیم کے پانچ سالہ کورس کو چار سالہ کیا گیا جبکہ قانونی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے پاکستان بار کونسل کی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ بھی ملاقات ہوئی ہے۔منیر ملک نے کہا کہ قانونی تعلیم کے معیار میں بہتری کیلئے آئندہ بھی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔







