خواتین یونیورسٹی ملتان میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز اور شعبہ علومِ اسلامیہ کے زیر اہتمام محفلِ میلادِ مصطفیٰ ؐ عقیدت و احترام اور روحانی ماحول میں منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے خصوصی شرکت کی
خواتین یونیورسٹی ملتان میں محفلِ میلاد کا انعقاد

مزید خبریں
ملتان ۔ 10 ستمبر (اے پی پی):خواتین یونیورسٹی ملتان میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز اور شعبہ علومِ اسلامیہ کے زیر اہتمام محفلِ میلادِ مصطفیٰ ؐ عقیدت و احترام اور روحانی ماحول میں منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے خصوصی شرکت کی۔ جبکہ پروفیسر ڈاکٹر سیدہ عذرا بتول، یونیورسٹی افسران، فیکلٹی ممبران اور طالبات کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ محفل کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔جس کے بعد طالبات اور فیکلٹی ممبران نے بارگاہِ رسالت مآبؐ میں عقیدت سے نعتیہ کلام پیش کیا۔ درود و سلام کلمۂ طیبہ اور ذکرِ مصطفیٰ ؐ کی صداؤں سے ہال کی فضا روحانی کیفیت سے معمور ہوگئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کہا کہ اطاعتِ رسول ؐ دراصل اطاعتِ الٰہی ہے جبکہ محبتِ مصطفیٰؐ کا حقیقی اظہار ہمارے اخلاق، طرزِ عمل، اخلاص اور خدمتِ انسانیت سے ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ؐ پوری انسانیت کے لیے صداقت، دیانت، عدل، رحم اور اعلیٰ اخلاق کا لازوال نمونہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ طیبہ ؐ کو صرف پڑھنے یا بیان کرنے تک محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ اسے روزمرہ زندگی کے فیصلوں، رویوں اور معاملات میں عملی طور پر اپنانا ضروری ہے۔ فتح مکہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رسول اکرمؐ نے عظیم فتح کے باوجود انتقام کے بجائے معافی، رحم اور درگزر کو ترجیح دی۔ وائس چانسلر نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اسوۂ حسنہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ گفتگو میں شائستگی، معاملات میں دیانت، رویوں میں رحم اور ذمہ داریوں میں اخلاص ہی محبتِ رسولؐ کا مؤثر عملی اظہار ہے۔ محفل کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد، انسانیت کے لیے امن و خیر اور یونیورسٹی کی ترقی و خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔








