ملک کے 115 اضلاع میں 21 تا 27 ستمبر ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا،نیشنل ای او سی

نیشنل ای او سی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے 115 مخصوص اضلاع میں 21 سے 27 ستمبر تک ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):نیشنل ای او سی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے 115 مخصوص اضلاع میں 21 سے 27 ستمبر تک ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً 3 کروڑ 10 لاکھ بچوں کو تربیت یافتہ پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔

نیشنل ای او سی کے مطابق صوبہ پنجاب کے 13 مخصوص اضلاع میں 1 کروڑ 6 لاکھ بچوں، سندھ کے 30 اضلاع میں 1 کروڑ بچوں، خیبر پختونخوا کے 37 اضلاع میں 73 لاکھ بچوں جبکہ بلوچستان کے 32 اضلاع میں 23 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔اسی طرح اسلام آباد میں 4 لاکھ 47 ہزار جبکہ گلگت بلتستان کے 2 مخصوص اضلاع میں 1 لاکھ 37 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ مستقبل فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، مرض کے مکمل خاتمے کے لیے والدین پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون یقینی بنائیں۔