کوئٹہ، 5 خواتین سمیت 9 پیشہ ور بھکاری گرفتار

ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر بلوچستان میر سیف اللہ خان کھیتران نے کہا ہے کہ محکمہ سوشل ویلفیئر بلوچستان ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے پیشہ ورانہ گداگری کے خاتمے اور عوامی مقامات کو بھکاریوں سے پاک رکھنے کے لیے موثر اقدامات کر رہا ہے۔

کوئٹہ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر بلوچستان میر سیف اللہ خان کھیتران نے کہا ہے کہ محکمہ سوشل ویلفیئر بلوچستان ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے پیشہ ورانہ گداگری کے خاتمے اور عوامی مقامات کو بھکاریوں سے پاک رکھنے کے لیے موثر اقدامات کر رہا ہے۔

اس سلسلے میں مشترکہ کارروائی کے دوران 5 خواتین سمیت 9 پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کا بنیادی مقصد معاشرے کے مستحق، کمزور اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، بحالی اور انہیں معاشرے کا باعزت اور خودمختار حصہ بنانا ہے، تاہم پیشہ ورانہ گداگری ایک سماجی مسئلہ ہے جس کے تدارک کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کرکردار ادا کیا جا رہا ہے۔ڈی جی سوشل ویلفیئر بلوچستان میر سیف اللہ خان کھیتران نے کہا کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ہر صورت میں اپنا کردار ادا کرے گا اور معاشرے کے حقیقی مستحق افراد اور پیشہ ورانہ گداگری میں ملوث عناصر کے درمیان فرق کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے فلاحی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر بلوچستان نہ صرف پیشہ ورانہ گداگری کی روک تھام بلکہ مستحق افراد کی بحالی، سماجی تحفظ اور انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے افراد جو حقیقی طور پر مدد اور بحالی کے مستحق ہیں، محکمہ ان کی ضروریات کا جائزہ لے کر انہیں دستیاب فلاحی پروگراموں سے مستفید کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر بروری کاشف امر، اسسٹنٹ کمشنر پنجپائی عبدالقیوم اور سوشل ویلفیئر آفیسر عبدالرزاق کی سربراہی میں شہباز ٹاؤن اور جناح ٹاؤن کے اطراف مختلف مقامات پر مشترکہ کارروائی کی گئی، جس کے دوران پیشہ ورانہ گداگری میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا۔

میر سیف اللہ خان کھیتران نے کہا کہ عوامی مقامات، بازاروں، شاہراہوں اور دیگر اہم مقامات پر پیشہ ورانہ گداگری کے تدارک کے لیے محکمہ سوشل ویلفیئر اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کا مقصد صرف کارروائی کرنا نہیں بلکہ معاشرے میں موجود حقیقی مستحق افراد کی شناخت، ان کی بحالی اور انہیں باعزت زندگی کی طرف واپس لانا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پیشہ ورانہ گداگری کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوامی مقامات پر گداگری کے منظم رجحان کی حوصلہ شکنی کی جا سکے اور معاشرے کے مستحق طبقات کو موثر سماجی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔