وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے تاجکستان کے سفیر کی ملاقات ، تجارتی و زرعی تعاون کے فروغ پر اتفاق

وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے تاجکستان کے سفیر کی ملاقات ، تجارتی و زرعی تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور تاجکستان کے درمیان باہمی تجارت، زرعی تعاون، اقتصادی روابط اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے مطابق ملاقات کے دوران تاجکستان کے سفیر نے وفاقی وزیر کو ستمبر میں منعقد ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات موجود ہیں جبکہ دونوں ممالک مذہبی، ثقافتی اور تہذیبی رشتوں میں بھی جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیا میں تاجکستان پاکستان کا ایک اہم اور قابل اعتماد شراکت دار ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لئے تجارت کے نئے مواقع اور متبادل تجارتی راستوں کو تلاش کرنا ہو گا۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کی زرعی پیداوار، فوڈ پروسیسنگ، لائیو سٹاک، زرعی ٹیکنالوجی اور ویلیو ایڈیشن کے شعبوں میں تاجکستان کے ساتھ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ دونوں ممالک باہمی تجربات اور مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے زرعی شعبے میں تعاون کو نئی جہت دے سکتے ہیں۔تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں کمی کو دور کرنے اور دوطرفہ تجارت کو دوبارہ بہتر سطح پر لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے تجارت کے نئے اور متبادل مواقع تلاش کئے جانے چاہئیں۔فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ، کاروباری برادری کے روابط بڑھانے اور زرعی و غذائی شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ علاقائی رابطہ کاری، باہمی تجارت اور اقتصادی تعاون کو فروغ دے کر پاکستان اور تاجکستان اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔

مزید خبریں