حمزہ شہباز شریف کا خیبرپختونخوا کی جاں بحق دو نومولود بچیوں کے اہلِخانہ سے تعزیت اور اظہارِ ہمدردی

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی جاں بحق ہونے والی دو نومولود بچیوں کے اہلِخانہ سے تعزیت اور اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے جاں بحق ہونے کے غم کا مداوا ممکن نہیں

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی جاں بحق ہونے والی دو نومولود بچیوں کے اہلِخانہ سے تعزیت اور اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے جاں بحق ہونے کے غم کا مداوا ممکن نہیں، کوئی بھی لفظ متاثرہ خاندانوں کے دکھ کو کم نہیں کر سکتا، یہ ایک ایسا گہرا زخم ہے جسے بھرنے میں وقت درکار ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ وہ جاں بحق ہونے والی دونوں نومولود بچیوں کے لواحقین سے تعزیت کے لئے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس سانحے پر دکھی ہے اور ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں،وہ متاثرہ خاندانوں کا غم بانٹنے، تعزیت اور دعا کے لئے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہونی چاہئے کہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں اور ایسے اقدامات کئے جائیں جن سے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔حمزہ شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام متاثرہ خاندانوں کو صبرِ جمیل اور ان کے دلوں کو سکون دے۔