مصر، الجزائر اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

مصر، الجزائر اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

قاہرہ ۔12ستمبر (اے پی پی):مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے جمعہ کو الجزائر اور متحدہ عرب امارات کے اپنے ہم منصبوں سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مصری وزارت خارجہ کے مطابق الجزائر کے وزیر مملکت و وزیر خارجہ احمد عطاف سے گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم بنانے، بالخصوص اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ اور تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش پر بات چیت ہوئی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے گزشتہ نومبر قاہرہ میں منعقدہ مصر۔الجزائر مشترکہ اعلیٰ کمیٹی کے نویں اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات میں علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ لیبیا کے حوالے سے مسلسل مشاورت اور رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے میں سلامتی اور استحکام کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔مصری وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے بھی الگ ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں علاقائی صورتحال کی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ رابطے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب الجزائر اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہوچکی ہے۔ الجزائر نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ دوطرفہ تعلقات برقرار رکھنے کی تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد اس نے متحدہ عرب امارات سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔