اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا دہشت گرد حملوں کی بدلتی نوعیت پر گہری تشویش کا اظہار
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا دہشت گرد حملوں کی بدلتی نوعیت پر گہری تشویش کا اظہار

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔12ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے دہشت گرد حملوں میں شدت، بڑھتی پیچیدگی اور ان کی بدلتی ہوئی نوعیت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔سلامتی کونسل نےجاری کردہ صدارتی بیان میں دہشت گردی کے باعث بڑھتی ہوئی ہلاکتوں، اس کے جغرافیائی پھیلاؤ اور غیر ملکی دہشت گرد جنگجوؤں سے لاحق خطرے پر بھی تشویش ظاہر کی۔یہ بیان سلامتی کونسل کے دہشت گردی سے متعلق اجلاس کے بعد جاری کیا گیا، جو امریکا میں 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کی 25ویں برسی کے موقع پر منعقد ہوا۔
کونسل نے دہشت گردی کے مقاصد کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ تکنیکی جدت انسداد دہشت گردی کے شعبے میں اہم مواقع بھی فراہم کر سکتی ہے۔سلامتی کونسل نے دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کی جانب سے انٹرنیٹ اور دیگر معلوماتی و مواصلاتی ٹیکنالوجیز کے بڑھتے ہوئے استعمال پر خصوصی تشویش کا اظہار کیا۔
کونسل نے دہشت گردوں کی جانب سے بغیر پائلٹ فضائی نظام کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال کو بھی تشویشناک قرار دیا، جنہیں اہم بنیادی ڈھانچے، حساس تنصیبات اور عوامی مقامات پر حملوں اور دراندازی کے علاوہ منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔سلامتی کونسل نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے مقاصد کے لیے نئی معلوماتی، مواصلاتی اور دیگر ٹیکنالوجیز کے استعمال کی روک تھام اور تدارک کے لیے باہمی تعاون سے اقدامات کریں۔






