ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کا کومبنگ آپریشن،2ملزمان گرفتار

ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کا کومبنگ آپریشن،2ملزمان گرفتار

کراچی۔ 12 ستمبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی حدود میں کومبنگ اینڈسرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی میں2مبینہ ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں گٹکا ماوا اوردیگرسامان برآمد کرلیا ۔ہفتہ کو ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مطابق پولیس نے گرفتار ملزمان سدیس اورسرفراز کے قبضے سے4پلاسٹک کے ٹب، گیلی چھالیہ، 2 خالی ڈرم، چونا، مکس پتی اور100پیکٹ تیار گٹکا ماوا برآمدکرلیا ہے۔ ایس ڈی پی او نیو کراچی کی زیرِ نگرانی آپریشن میں ایس ایچ اوز تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا،بلال کالونی، موبائل تھانہ ایف بی ایریا، موبائل تھانہ گبول ٹائون اور موبائل تھانہ نیو کراچی کے افسران و جوانوں نے حصہ لیا۔

آپریشن میں تلاش ڈیوائس آپریٹرز، سی سی ٹی وی فوکل پرسن، انٹیلیجنس سٹاف اور لیڈیز پولیس اپنے فرائض سرانجام دیتے رہے۔آپریشن کے دوران تقریبا 15گھروں اور 10چائے کے ہوٹلوں کی تلاشی لی گئی جبکہ مختلف چائے کے ہوٹلوں پر موجود مشکوک افراد کو تلاش ڈیوائس کے ذریعے چیک کیا گیا۔پولیس کی جانب سے حراست میں لیے گئے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

مزید خبریں