وانواتو کے ساحل کے قریب کشتی ڈوبنے سے ایک شخص ہلاک، 30 لاپتہ

وانواتو کے ساحل کے قریب کشتی ڈوبنے سے ایک شخص ہلاک، 30 لاپتہ

سووا۔13ستمبر (اے پی پی):بحرالکاہل میں جزائر پر مشتمل ریاست وانواتو کے ساحل کے قریب کشتی ڈوبنے سے ایک شخص ہلاک اور 30 سے زائد افراد لاپتہ ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق وانواتو کی حکومت نے اتوار کو فیس بک پر جاری بیان میں بتایا ہے کہ حادثے کے وقت کشتی میں عملے کے 40 سے زائد ارکان اور مسافر سوار تھے۔ 15 افراد کو بچا لیا گیا ہے،ایک شخص کی نعش برآمد کر لی گئی ہے جبکہ 30 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

ایم وی ماتوئی (MV Matui ) نامی کشتی جمعہ کو جزیرہ سانتو سے امبے کے لیے روانہ ہوئی تھی، تاہم سمندر میں خراب موسمی حالات تھے۔ بیان میں بتایا گیا کہ کھلے سمندر میں تلاش کی کارروائی کو محدود کیا جا رہا ہے اور اب توجہ جنوب مشرقی ساحل کے ساتھ تلاش پر مرکوز کی جا رہی ہے کیونکہ ممکن ہے سمندری لہروں نے زندہ بچ جانے والوں کو اس سمت پہنچا دیا ہو۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ تیز ہوائیں اور سمندری خطرات سے متعلق جاری کردہ انتباہات کو نظر انداز کرنا معلوم ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ممکنہ غفلت، بشمول کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار کیے جانے کو بھی حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔

مزید خبریں