ریان گارسیا نے کونر بین کو دوسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا، ڈبلیو بی سی ویلٹر ویٹ ٹائٹل کا کامیاب دفاع

ریان گارسیا نے کونر بین کو دوسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا، ڈبلیو بی سی ویلٹر ویٹ ٹائٹل کا کامیاب دفاع

لاس ویگاس۔13ستمبر (اے پی پی):امریکا کے باکسر ریان گارسیا نے برطانوی حریف کونر بین کو دوسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکے ڈبلیو بی سی ویلٹر ویٹ عالمی چیمپئن شپ کا کامیابی سے دفاع کرلیا۔ بی بی سی کے مطابق لاس ویگاس میں ہونے والے مقابلے میں ریان گارسیا نے آغاز ہی سے برتری قائم رکھی اور کونربین کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔29 سالہ انگلینڈ کے باکسرکونر بین نے جارحانہ انداز میں حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم ریان گارسیا کی رفتار، درستگی اور جوابی وار کے سامنے وہ بے بس دکھائی دیے۔

دوسرے راؤنڈ میں ریان گارسیا کے دائیں ہاتھ کے زوردار مکے نے کونربین کو رنگ میں گرا دیا۔ کونربین گنتی مکمل ہونے سے پہلے اٹھ کھڑے ہوئے، تاہم ریان گارسیا نے دوبارہ حملہ جاری رکھا اور کونربین کو رسیوں کے ساتھ گھیر دیا، جس پر ریفری نے مقابلہ روک دیا۔ریان گارسیا نے کامیابی کے بعد کہا کہ وہ کونر بین کے جارحانہ انداز سے گھبرائے نہیں بلکہ انہیں معلوم تھا کہ حریف کا یہ انداز خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 147 پاؤنڈ وزن کی کیٹیگری ہی ان کی ڈویژن ہے اور وہ بطور چیمپئن اپنی ذمہ داری نبھانے کے لیے تیار ہیں۔اس شکست کے ساتھ کونربین کو اپنے 10 سالہ پیشہ ورانہ کیریئر میں دوسری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ 4 سال سے زائد عرصے بعد پہلی مرتبہ ویلٹر ویٹ میں مقابلہ کر رہے تھے اور پہلے ہی اعلان کرچکے تھے کہ نتیجہ کچھ بھی ہو، وہ اس کیٹیگری میں دوبارہ مقابلہ نہیں کریں گے۔28 سالہ ریان گارسیا نے 28 پیشہ ورانہ مقابلوں میں اپنی 26ویں کامیابی حاصل کی اور عالمی ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا۔

انہوں نے مقابلہ 5 راؤنڈ کے اندر ختم کرنے کا اپنا وعدہ بھی پورا کردیا۔مقابلے سے قبل برطانوی باکسنگ کے سابق چیمپئن رکی ہیٹن کی پہلی برسی کے موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ٹی موبائل ایرینا میں 18،855 تماشائی موجود تھے، جہاں برطانوی شائقین کی محدود تعداد بھی کونربین کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود تھی۔کونربین کے والد اور سابق عالمی چیمپئن نائجل بین بھی رنگ میں اپنے بیٹے کے ساتھ آئے، جبکہ میکسیکن نژاد ریان گارسیا نے میکسیکن آزادی کے دن کے اختتام ہفتے کے موقع پر میکسیکن موسیقی کے ساتھ رنگ میں آمد کی۔دوسرے راؤنڈ میں ریان گارسیا نے پہلے بائیں اپر کٹ سے کونر بین کو لڑکھڑایا اور پھر دائیں ہاتھ کے وار سے انہیں زمین پر گرا دیا۔

کونر بین کے دوبارہ کھڑے ہونے کے باوجود ریان گارسیا نے حملہ جاری رکھا اور ریفری کو مزید سزا سے بچانے کے لیے مقابلہ ختم کرنا پڑا۔شکست کے باوجود کونر بین برطانوی باکسنگ کے نمایاں ناموں میں شامل ہیں اور مستقبل میں بڑے مقابلوں کے مواقع برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ان کی کرس یوبینک جونیئر کے ساتھ ممکنہ تیسری فائٹ بھی زیر بحث ہے، تاہم ریان گارسیا کے خلاف شکست نے عالمی ٹائٹل کے لیے ان کی تیاری پر سوالات ضرور اٹھا دیے ہیں۔ریان گارسیا نے اپنی اعلیٰ معیار کی تکنیک، تجربے اور قدرتی صلاحیت کے باعث مقابلے میں واضح برتری ثابت کی اور کونربین کو صرف 2 راؤنڈ میں شکست دے کر اپنے عالمی چیمپئن ہونے کا لوہا منوا لیا۔

مزید خبریں