انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں پاکستان کی علمی و ادبی شناخت اور کتاب دوستی کی روایت کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان پویلین سج گیا۔
ابوظہبی انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں پاکستان پویلین سج گیا، علمی و ادبی ورثہ عالمی قارئین کے سامنے پیش

مزید خبریں
اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں پاکستان کی علمی و ادبی شناخت اور کتاب دوستی کی روایت کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان پویلین سج گیا۔ پاکستان پویلین میں نیشنل بک فاؤنڈیشن اور بُک کارنر پاکستان کی جانب سے ملک کے علمی و ادبی ورثے کی نمائندگی کرنے والی منتخب کتب اسٹال پر آویزاں کی گئی ہیں۔اتوار کو نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پویلین کا باقاعدہ افتتاح متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقات علی خان پیر 14 ستمبر کو دوپہر 2 بجے ہال نمبر 5، اسٹینڈ 5E24، اے ڈی نیک سینٹر ابوظہبی میں کریں گے۔پاکستان پویلین میں اردو ادب، بچوں کے ادب، تحقیقی و تعلیمی مطبوعات، پاکستانی ثقافت، تاریخ اور ملک کی متنوع ادبی روایات سے متعلق منتخب کتب رکھی گئی ہیں، جو بین الاقوامی قارئین، مصنفین، ناشرین اور علمی حلقوں کو پاکستان کے فکری اور تخلیقی منظرنامے سے روشناس کرانے کا اہم ذریعہ بن رہی ہیں۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن کی شرکت اس امر کی عکاس ہے کہ کتاب اور مطالعے کے فروغ کے ساتھ پاکستان کے علمی و ادبی سرمائے کو عالمی سطح پر متعارف کرانا بھی ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان پویلین کے حوالے سے نیشنل بک فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ عالمی کتب میلوں میں شرکت کا مقصد علمی تبادلے اور بین الاقوامی ادبی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنا ہے۔ ایسے عالمی ادبی اجتماعات مختلف ممالک کے ناشرین، مصنفین، مترجمین، محققین اور قارئین کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں، جہاں کتاب کے ذریعے تہذیبوں کے درمیان فکری روابط مضبوط ہوتے ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر نیشنل بک فاؤنڈیشن مراد علی مہمند نے خصوصی شرکت کی۔ پاکستان پویلین میں اُردو ورلڈ بکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سرمد خان اور بُک کارنر پاکستان کے ڈائریکٹر امر شاہد بھی موجود ہیں۔ ان کی شرکت پاکستان کی اشاعتی صنعت، کتاب اور ادب کے فروغ کے لیے نجی و سرکاری اداروں کے باہمی تعاون کی عکاس ہے۔ ابوظہبی انٹرنیشنل بک فیئر 2026، 13 سے 18 ستمبر تک جاری رہے گا، جس کے اوقات روزانہ صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک مقرر ہیں۔ میلے میں دنیا بھر سے ناشرین، ادیب، مصنفین، محققین، مترجمین اور کتاب سے وابستہ ادارے شریک ہیں۔پاکستان پویلین اس عالمی ادبی منظرنامے میں پاکستان کی روشن علمی و ادبی روایت، اردو ادب کی وسعت اور منتخب کتب کے ذریعے ملک کے علمی و فکری سرمایہ کو عالمی قارئین، مصنفین اور ناشرین کے سامنے پیش کرنے کا ایک اہم مرکز بن کر سامنے آیا ہے۔








