ہدفی ایندھن سبسڈی پروگرام، جاز ورلڈ کا حکومت سے بھرپور تعاون کا اعلان، ایس ایم ایس نرخوں میں 66 فیصد کمی

جاز ورلڈ نے حکومت پاکستان کے ہدفی ایندھن سبسڈی اقدام کی حمایت کرتے ہوئے مستحق شہریوں کو ڈیجیٹل اور شفاف طریقہ کار کے ذریعے ریلیف کی فراہمی کے لیے تعاون کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):جاز ورلڈ نے حکومت پاکستان کے ہدفی ایندھن سبسڈی اقدام کی حمایت کرتے ہوئے مستحق شہریوں کو ڈیجیٹل اور شفاف طریقہ کار کے ذریعے ریلیف کی فراہمی کے لیے تعاون کا اعلان کیا ہے۔اس اقدام کی اہمیت اور کم آمدنی والے اور محنت کش گھرانوں پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے حکومتی کوششوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جاز نے پروگرام کے لیے کارپوریٹ ایس ایم ایس ریٹس میں تقریباً 66 فیصد کمی کر دی ہے۔ کمپنی نے اقدام کے بروقت آغاز میں معاونت کے لیے مطلوبہ شارٹ کوڈ کی فراہمی کا عمل بھی ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا ہے۔جاز ورلڈ نے اپنے ڈیجیٹل ایکو سسٹم، بشمول سیموسا اور جاز کیش کے ذریعے اضافی انضمامی معاونت کی پیشکش بھی کی ہے تاکہ پروگرام تک مستحق صارفین کی رسائی بہتر بنانے اور انہیں سہل ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرنے میں مدد مل سکے۔اس کے علاوہ جاز ورلڈ وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے قائم کیے جانے والے شکایات کےانتظامی مرکز کے لیے وسائل فراہم کر رہا ہے جبکہ اقدام سے متعلق صارفین کے سوالات کے ازالے کے لیے اپنے ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے بھی معاونت فراہم کرے گا۔ان اقدامات کے ذریعے جاز ورلڈ نے ہدفی ایندھن سبسڈی اقدام کے مؤثر نفاذ میں حکومت کی معاونت اور اپنی کنیکٹیویٹی و ڈیجیٹل سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے پروگرام کو شہریوں کے لیے قابل رسائی، مؤثر اور بروقت بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔